کراچی کے عوام پر لوڈ شیڈنگ کا عذاب ڈالا گیا ہے، رانا مشہود

پاکستان میں ایک سازش کے تحت عمران خان کو اقتدار میں لایا گیا ،کراچی بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے گفتگو

ہفتہ 11 جولائی 2020 17:01

کراچی کے عوام پر لوڈ شیڈنگ کا عذاب ڈالا گیا ہے، رانا مشہود
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2020ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما رانا مشہودنے کہاہے کہ کراچی کے عوام پر لوڈ شیڈنگ کا عذاب ڈالا گیا ہے، لوڈ شیڈنگ کے ساتھ بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، ملک میں اس وقت نظام تباہ حالی کا شکار ہے، پاکستان میں ایک سازش کے تحت عمران خان کو اقتدار میں لایا گیا ۔ہفتہ کومسلم لیگی رہنمارانا مشہود سٹی کورٹ کراچی پہنچے،جہاں انہوں نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وکلا کی جدو جہد کو سلام پیش کرتا ہوں، ہم نے لوڈ شیڈنگ ختم کر دی تھی، آج 16، 16 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔رانا مشہود نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی کا دانشور کہاں گیا پی ٹی آئی کو پاکستان میں جو ڈالر لانے تھے وہ کب آئیں گی انہوں نے کہا کہ ڈالر آنا تو دور کی بات 2 ارب ڈالر کا عمران خان نے نقصان کر دیا ہے، آٹا چوری، چینی چوری، ادویات چوری، سب کے ذمے دار عمران خان ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کہ اس وقت ساری اپوزیشن اکٹھی ہے، جو آل پارٹیز کانفرنس میں متفقہ فیصلہ کرے گی، اپوزیشن نااہل حکومت سے عوام کو چھٹکارا دلوا کر رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ادارے اس وقت تباہ حالی کا شکار ہیں، بھارت کو سلامتی کونسل کا ممبر بنا دیا گیا ہے، پاکستانیوں کو تنہا کر دو لیکن عمران خان کی حکومت رہے۔رانا مشہود نے کہا کہ ملک میں اس وقت نظام تباہ حالی کا شکار ہے، پاکستان میں ایک سازش کے تحت عمران خان کو اقتدار میں لایا گیا ہے۔