ایف آئی اے کا چھاپہ : سونے کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے دو ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان سونے کے جعلی کاروبار کے ذریعے حوالہ ہنڈی کا کام کرتے تھے،ایف آئی اے حکام

ہفتہ 11 جولائی 2020 17:06

ایف آئی اے کا چھاپہ : سونے کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے دو ملزمان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2020ء) ایف آئی اے کی ٹیم نے صدر میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی رقوم کی منتقلی کے کاروبار میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی پیسوں کی منتقلی کے خلاف ایف آئی اے نے کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا، اس سلسلے میں ایف آئی اے کے عملے نے کراچی کے علاقے صدر میں واقع ایک عمارت پر چھاپہ مار کر2افراد کو حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار ملزمان سونے کے جعلی کاروبار کے ذریعے حوالہ ہنڈی کا کام کرتے تھے، حوالہ ہنڈی کی رقم کا دبئی میں درہم میں لین دین کیا جاتا تھا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان سے برآمد موبائل فونز میں خریدو فروخت کے پیغامات موجود ہیں، موبائل فون ریکارڈ سے 7کروڑ روپے کی منی ٹریل ملی ہے،5ہزار عمانی ریال، 7 ہزار درہم اور 100 ڈالر کی منی ٹریل بھی ملی ہے، ملزمان کی منی ٹریل میں ڈیڑھ کلو سونا بھی شامل ہے۔ڈائریکٹر ایف آئی اے منیر شیخ نے بتایا ہے کہ ملزمان کے قبضے سی7کروڑ روپے اور غیر ملکی کرنسی اور بھاری مقدار میں سونا بھی برآمد ہوا ہے، ملزمان سونے کی خریدو فروخت دکھا کر حوالہ ہنڈی کرتے تھے۔