پولیس نے ڈکیت گروہ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار کر لیا

ہفتہ 11 جولائی 2020 17:10

پولیس نے ڈکیت گروہ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار کر لیا
میرپورخاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2020ء) ضلع پولیس کی جانب سے ڈکیتوں کے بین الاضلاعی گروہ کے خلاف کامیاب کارروائی، متعدد ڈکیتیوں میں ملوث بدنام زمانہ سرفراز بیکانیری عرف سائیں اپنے ساتھی سمیت گرفتار۔تفصیل کے مطابق میرپورخاص میں کچھ ماہ سے ڈکیتوں کاایک گروہ اپنے مخصوص طریقہ واردات کی وجہ سے خوف کی علامت بنا ہوا تھا، یہ گروہ دودھ فروشوں، ڈیری شاپ اور دیگر راہگیروں سے صبح سویرے رہزنی کی واردات کیا کرتے تھے۔

اس حوالہ سے ایس ایس پی میرپورخاص فیصل بشیر میمن نے ایسی وارداتوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سی آئی اے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا۔ایس ایس پی میرپورخاص فیصل بشیر میمن کی دی گئی ہدایات کی روشنی میں سی آئی اے پولیس، ایس ایچ او ٹاون، سٹلائٹ ٹاون اور 15 مددگار نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے بین الاضلاعی گروہ کے سرغنہ سرفراز بیکا نیری عرف سائیں کو اسکے ساتھی وسیم بھٹی کے ہمراہ بمعہ TT پسٹل گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

البتہ گروہ کا ایک رکن ’’شہزاد کراچی والا‘‘ ابھی تک روپوش ہے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے تھانہ ٹاون، مہران، غریب آباد اور سیٹلائیٹ ٹاون میں ڈکیتی اور رہزنی کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا۔ ایس ایس پی میرپورخاص فیصل بشیر میمن نے تمام SHOs کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میرپورخاص میں سماجی برائیوں اور امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف انسدادی کارروائیاں جاری رکھیں۔