پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے ہفتہ کے دوران بھی پانچویں دن تیزی کا رجحان غالب رہا

ہفتہ 11 جولائی 2020 17:58

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے ہفتہ کے دوران بھی پانچویں دن تیزی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2020ء) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے ہفتہ کے دوران بھی پانچویں دن تیزی کا رجحان غالب رہا جس کی وجہ سے انڈیکس 1100پوائنٹس بڑھ گیا اور انڈیکس36ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا جبکہ 199ارب روپے کے اضافے سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 68کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ،کاروباری تیزی کی وجہ سے 59.11فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں ۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کاروبار کے آغاز سے ہی مارکیٹ میں مسلسل تیزی ریکارڈ کی گئی ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق پاکستان کو عالمی مالیاتی اداروںسے ملنے والی سہولت اور مخر ادائیگیوں کیساتھ خام تیل کی درآمدی ترغینب ملنے سے مقامی تجارت اور صنعتی شعبوں میں ممکنہ بھاری نقصانات کے خدشات کم ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھنے ،غیر روایتی شعبوں کے حصص میں تازہ سرمایہ کاری ،تجارتی خسارے میں کمی ،خام تیل کی عالمی قیمتوں میں معمولی اضافے اور بین الاقوامی سطح پر حصص مارکیٹوں میں تیزی ،چین کے اشتراک سے ڈیڑھ ارب ڈالر پاور پروجیکٹ کے معاہدے اور غیر ملکی سرمایہ کاروںکی نمائندہ چیمبر اوورسیز چیمبر آف کامرس کی جانب سے پاکستان کے سیکیورٹی حالات پر اطمینا ن کا اظہار جیسی خبروں نے نہ صرف مارکیٹ کو تیزی کی جانب گامزن کیا بلکہ اسکا گراف بھی بلند کیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پانچوں دن تیزی کے سبب کے ایس ای100 انڈیکس میں1139.41پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 35051.38پوائنٹس سے بڑھ کر 36190.41پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 490.89پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 15202.82پوائنٹس سے بڑھ کر15693.71پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس25087.02پوائنٹس سے بڑھ کر25841.82پوائنٹس پر جا پہنچا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں1کھرب99ارب19کروڑ12لاکھ42ہزار967روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم66کھرب42ارب49کروڑ45لاکھ54ہزار 880روپے سے بڑھ کر68کھرب41ارب68کروڑ57لاکھ97ہزار847روپے ہو گیا ۔

گذشہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس36275.95پوائنٹس کی بلند سطح کو چھوگیا تھا تاہم مندی کی لہر آنے سے انڈیکس35001.56پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی دیکھا گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ15ارب روپے مالیت کی46کروڑ74لاکھ86ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم9ارب روپے مالیت کے 29کروڑ27لاکھ9ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر1888کمپنیوں کا کاروبارہوا جس میں سی1116کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،654میں کمی اور118کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے ٹی آر جی پاک لمیٹڈ ،پاک الیکٹرون ،لوٹے کیمیکل ،میپل لیف ،جہانگیر صدیق کمپنی ،ایگری ٹیک لمیٹڈ ،ہم نیٹ ورک ،ایف بی ایل گروتھ فنڈ،پی ٹی سی ایل ،حیسکو پیٹرول ،پاک انٹر نیشنل بلک ،پائینیر سیمنٹ ،بینک آف پنجاب ،ورلڈ کال ٹیلی کام ،ڈی جی کے سیمنٹ ،ایونسن لمیٹڈ ،یونٹی فوڈز لمیٹڈ ،بینک الفلاح لمیٹڈ ،فوجی فوڈز لمیٹڈ ،عائشہ اسٹیل مل اورنیشنل بینک سر فہرست رہے ۔