نیشنل کونسل آف دی آرٹس نے کورونا وباء کے دوران آن لائن سرگرمیوں کا آغاز کیا،

بچوں کے لئے بھی آن لائن پروگرام شروع کئے،آن لائن پتلی تماشے کا انعقاد بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے،ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فوزیہ سعید

ہفتہ 11 جولائی 2020 18:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2020ء) پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس نے کورونا وباء کے دوران آن لائن سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ اس دوران بچوں کے لئے بھی آن لائن پروگرام شروع کئے ہیں۔آن لائن پتلی تماشے کا انعقاد بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔موسیقی اور آرٹ کی تربیت کے لئے آن لائن کلاسز بھی شروع کی گئی ہیں۔

پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی ای) ترجمان کے مطابق قومی پتلی گھر چار دہائیوں سے پاکستان کی ثقافت اور اقدار کے فروغ اور ترویج کے لیے خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ بچوں کو تفریح کے ساتھ ان کی اخلاقی تربیت کیلیے خوبصورت پتلی تماشے پیش کئے جاتے رھے ہیں۔نیشنل پپٹ تھیٹر کو سبق اموز اخلاقی کہانیوں کے ساتھ پاکستان کے تمام علاقائی لوک گیتوں اور قومی نغموں کو ملک کے کونے کونے میں پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان سے لے کر کراچی سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخواہ کے سکولوں میں بچوں کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے۔ موجودہ حالات میں کورونا وائرس کی وجہ سے قومی پتلی گھر کو اپنے تمام پروگرام منسوخ کرنے پڑے ہیں۔ ثقافت کی ترویج اور بچوں کی تعلیم و تربیت اور تفریح جاری رکھنے کے لیے قومی پتلی گھر اپنی تیار کردہ کہانیاں اور خاکوں پر مبنی پتلی تماشے آن لائن پی این سی اے کے فیس بک پیج پر پر نشر کئے گئے۔

اس کا مقصد بچوں کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ، ان کو ثقافت اور رسم و رواج اور اقدار سے روشناس کروانا ہے۔ یاد رہے کہ پی این سی اے گزشتہ 4 ماہ سے جاری لاک ڈاون کے باوجود اپنی آن لائن سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔اور اس دوران مختلف پروگرام پیش کئے گئے۔ یہ پروگرام بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔اس کے علاوہ یہاں آن لائن میوزیکل کنسرٹ بھی منعقد کئے گئے جبکہ ڈرامے اور فلم کے اداکاروں کے علاوہ ادیبوں اور شاعروں کے ساتھ آن لائن مکالمے کا آغاز بھی کیا گیا۔

جسے عوام نے بے حد سراہا۔اس کے علاوہ ماضی میں پی این سی اے میں منعقد ہونے والے پروگراموں کو فیس بک پہ بھی پیش کیا گیا۔پی این سی اے کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فوزیہ سعید کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث ہم نے اپنی سرگرمیاں معطل نہیں کیں بلکہ آن لائن پروگرام شروع کئے تاکہ لوگ اپنے گھروں میں بیٹھ کر محظوظ ہو سکیں۔اور یہ سلسلہ مزید آگے بڑھایا جائے گا۔