Live Updates

لاہور:حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ،اپوزیشن جماعتیں اپنی حیثیت منوانے کیلئے جتن کر رہی ہیں‘ ہمایوں اختر خان

ہفتہ 11 جولائی 2020 18:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی سیاست تنزلی کی اس نہج پر پہنچ گئی ہے کہ اب انہیں ایک دوسرے کا کندھا استعمال کرنا پڑ رہا ہے ،حکومت کو اپوزیشن کی سر گرمیوں سے کوئی خطرہ نہیں کیونکہ اس وقت اپوزیشن جماعتیں خود اپنی حیثیت منانے کے جتن کر رہی ہیں ،آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق حکومتی اقدامات کے نتیجے میں رواں مالی سال میں پاکستان کی معیشت میں بتدریج بہتری کا امکان ہے،تعمیراتی شعبے کیلئے مراعات سے بہت سے شعبے عروج حاصل کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنمائوں اور صنعتکاروں کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہر اے پی سی کا نتیجہ اپوزیشن جماعتوں میں فاصلے بڑھنے کی صورت میں نکلتا ہے اور پھر کئی کئی ماہ تک ایک دوسرے سے رابطہ تک نہیں کیا جاتا۔ اپوزیشن ضرور سیاسی سر گرمیاں کرے لیکن یہ ملک و قوم کے مفاد میں ہونی چاہئیں جس کا حکومت خیر مقدم کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ جن کی اپنی سیاست حالت نزاع میں ہو اس سے حکومت کو کیا خطرات لا حق ہو سکتے ہیں ، ہم ہرگز یہ نہیں چاہتے کہ اپوزیشن مقابلے پر نہ ہو لیکن انہیں کرپشن کے نظریات اور بیانیے کو چھوڑنا ہوگا ۔ ہمایوں اختر خان نے مزید کہا کہ حکومت معیشت کی رفتار بڑھانے کیلئے تمام شعبوں کو فعال کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں ۔تعمیراتی شعبے کیلئے جو مراعات دی گئی ہیں اس سے دیگر بہت سے شعبے عروج حاصل کریں گے جس سے ہماری مجموعی گروتھ بڑھے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات