مقبوضہ کشمیر : لوگ کورونا سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں،متحدہ مجلس علماء

ہفتہ 11 جولائی 2020 22:08

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2020ء) مقبوضہ کشمیر میں مذہبی ، سماجی اور تعلیمی تنظیموںکے اتحاد متحدہ مجلس علماء (ایم ایم یو) نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کی نزاکت کو سمجھے اوراس مہلک وائرس سے خود کو محفوظ رکھنے کیلئے طبی مشوروںاوراحتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایم ایم یو کی سربراہی میر واعظ عمر فاروق کررہے ہیں جنہیں قابض انتظامیہ نے سرینگر میں گھر میں نظر بند کر رکھا ہے ۔

تنظیم میں انجمن اوقاف جامع مسجد ، دارالعلوم رحیمیہ ، مسلم پرسنل لا بورڈ ، انجمن شرعی شیعیان ، جمعیت اہلحدیث ، جماعت اسلامی ، کاروان اسلامی ، اتحاد المسلمین ، انجمن حمایت الاسلام ، انجمن تبلیغ الاسلام ، جمعیت ہمدانیہ ، انجمن علماء احناف ، دارالعلوم قاسمیہ ، دارالعلوم بلالیہ ، انجمن نصرت الاسلام ، انجمن مظہر الحق ، انجمن آئمہ و مشائخ کشمیر ، مسلم وقف بورڈ ، دارالعلوم نقشبندیہ ، دارالعلوم راشدیہ ، اہل بیت فاؤنڈیشن ، پیروان ولایت اور دیگر سماجی ، مذہبی اور تعلیمی تنظیمیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

’’ایم ایم یو‘‘ نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ انتظامیہ نے مساجد اور مذہبی مقامات پر ہونے والے اجتماعات پر کورونا کی آڑ میں پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن باغات ،پارکس اور سیاحتی مقامات کھول دیئے ہیں تاکہ یہ تاثر دیا جاسکے کی کشمیر میں یہ سب کچھ نارمل ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یہاں کی صورتحال قابل رحم ہے۔

ایم ایم یو نے کہا کہ اس وبائی مرض کی آڑمیں بے گناہ کشمیریوں کو ہراساں اور گرفتار کیاجارہا ہے جو مکمل طور پر ناقابل قبول اور قابل مذمت ہے۔ متحدہ مجلس علماء نے لوگوں سے سختی سے اپیل کہ وہ حالات کی نزاکت سمجھے اور صرف اس وقت اپنے گھروں سے باہر نکلیں جب ایسا کرنا نتہائی ضروری ہو اور اس دوران ماسک پہنیں ، بھیڑ بھاڑ سے دور رہیں اور دیگر احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ واحد طریقہ ہے جس سے ہم کورونا کے پھیلاؤ پر قابو پاسکتے ہیں۔ایم ایم یو نے لوگوں پر یہ بھی زور دیا کہ وہ وبائی مرض کے پیش نظر اپنے شادی بیاہ کے پروگراموں کو مختصر رکھیں ۔ بیان میں عوام الناس پر زور دیا گیا کہ وہ وبائی مرض سے مستقل اللہ کی پناہ اور اپنے اہل و عیال اور تمام انسانوں کی سلامتی کیلئے دعائیں مانگیں۔