حکومت کا پنشنرز کیلئے عید سے قبل ڈبل ریلیف کا اعلان

عید سے قبل بزرگ پنشنرز کو بڑھائی گئی پنشن اور تمام بقایہ جات ادا کر دیے جائیں گے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 11 جولائی 2020 18:51

حکومت کا پنشنرز کیلئے عید سے قبل ڈبل ریلیف کا اعلان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جولائی 2020ء) حکومت کا پنشنرز کیلئے عید سے قبل ڈبل ریلیف کا اعلان، عید سے قبل بزرگ پنشنرز کو بڑھائی گئی پنشن اور تمام بقایہ جات ادا کر دیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق عید سے قبل بزرگ پنشنرز کو خوشخبری سنائی گئی ہے کہ اگست کی بڑھائی گئی پنشن اور کئی ماہ کے بقایہ جات اسی ماہ کے اختتام پر جاری کر دیے جائیں گے۔

ای او بی آئی پنشنرز کو عید سے قبل 6500 کی بجائے 8500 روپے پنشن اور 3 ماہ کے بقایہ جات ادا کیے جائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اگست سے بزرگ پنشنرز کی پنشن میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اب بزرگوں کو اگست کے ماہ سے کم از کم 8500 روپے کی پنشن ملے گی۔ جبکہ ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن نے اعلان کیا ہے کہ ای اوبی آئی ملازمین کو واجبات کی مد میں 2.4 ارب روپے بھی ادا کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

حکومت نے ای او بی آئی پنشنرز کی پینشن میں 2 ہزار روپے اضافے کی منظوری دی تھی جبکہ رجسٹرڈ پنشنرز کو اب ساڑھے 8 ہزار روپے پنشن ملے گی۔ ای او بی آئی کے رجسٹرڈ پنشنرز کو 3 ماہ اپریل، مئی اور جون کے بقایا جات کی مد میں دیے جائیں گے۔ یہ تمام بقایاجات پہلے اگلے ماہ اگست میں ادا کیے جانے تھے، تاہم اب عید سے قبل ہی ادا کر دیے جائیں گے۔ اس سے قبل ای او بی آئی پنشن میں اضافے کے بعد ادارہ قومی بچت نے پنشنرز کیلئے بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹس کے منافع میں بھی اضافہ کیا تھا۔

ادارہ قومی بچت کی جانب سے مسلسل مختلف اسکیموں کے منافع میں کمی کی گئی جس کے باعث سرمایہ کاری میں کچھ کمی دیکھنے میں آ رہی تھی۔ ادارے نے مزید سرمایہ کاری کے حصول کیلئے کچھ اسکیموں کے منافع میں اضافہ کیا ہے۔ بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ پر شرح منافع 9.84 سے بڑھا کر 9.96 فیصد کردیا گیا ہے جب کہ پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹس پر بھی شرح منافع 9.84 سے بڑھا کر 9.96 فیصد کردیا گیا ہے۔ لیکن یہاں یہ واضح رہے کہ رواں سال ریگولر ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں اضافہ نہیں کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :