وزیراعظم کی زیر صدارت معاشی تھنک ٹینک کا اہم اجلاس ،ملکی معیشت کی بحالی کیلئے زراعت صنعت اور تعمیراتی شعبوں میں نئے اقدامات پر غور

مشکل وقت میں معیشت کو بہتر بنانے کیلئے غیر معمولی فیصلے کرنے ہونگے،معاشرے کے انتہائی پسماندہ طبقات کو امداد کی فراہمی اولین ترجیح ہے،عمران خان تھنک ٹینک کامقصدمختلف شعبوں کے ماہرین سے مل کر معیشت میں بہتری کے اقدامات کرنا ہے، لوگوں کو آسان اقساط پر قرضے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، تعمیراتی شعبے کو مراعات دینے کے فیصلے کوعملی جامہ پہنایا جائیگا،مشیر خزانہ کی میڈیا کوبریفنگ

ہفتہ 11 جولائی 2020 23:27

وزیراعظم کی زیر صدارت معاشی تھنک ٹینک کا اہم اجلاس ،ملکی معیشت کی بحالی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2020ء) وزیر اعظم کی زیر صدارت معاشی تھنک ٹینک کے اہم اجلاس میںملکی معیشت کی بحالی کیلئے زراعت صنعت اور تعمیراتی شعبوں میں نئے اقدامات پر غور کیاگیاجبکہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں معیشت کو بہتر بنانے کیلئے غیر معمولی فیصلے کرنے ہونگے،معاشرے کے انتہائی پسماندہ طبقات کو امداد کی فراہمی اولین ترجیح ہے ،غربت کے خاتمے کیلئے حکومت کا احساس پروگرام کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

ہفتہ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی تھنک ٹینک کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا ۔مشیر خزانہ نے اجلاس کو حکومتی ترجیحات پر بریفنگ دی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ مشکل وقت میں معیشت کو بہتر بنانے کیلئے غیر معمولی فیصلے کرنے ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کورونا نے پاکستان سمیت عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں ،حکومت کی پالیسی وبا سے عوام کا تحفظ اور اقتصادی سرگرمیوں کے درمیان توازن ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ معاشرے کے انتہائی پسماندہ طبقات کو امداد کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے کیلئے حکومت کا احساس پروگرام کلیدی اہمیت رکھتا ہے،تعمیراتی شعبے میں مراعات کا مقصد روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے ۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے بتایا کہ تھنک ٹینک کامقصدمختلف شعبوں کے ماہرین سے مل کر معیشت میں بہتری کے اقدامات کرنا ہے، لوگوں کو آسان اقساط پر قرضے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، تعمیراتی شعبے کو مراعات دینے کے فیصلے کوعملی جامہ پہنایا جائے گا۔