سرگودھا میں درندہ صفت شخص 13ماہ تک سوتیلی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بناتا رہا

متاثرہ لڑکی نے 2 جڑواں بچیوں کو جنم دے دیا، بچی کی ماں نے شوہر کیخلاف پولیس میں شکایت درج کروا دی

اتوار 12 جولائی 2020 01:14

سرگودھا میں درندہ صفت شخص 13ماہ تک سوتیلی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بناتا ..
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی2020ء) سرگودھا میں درندہ صفت شخص 13ماہ تک سوتیلی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بناتا رہا، متاثرہ لڑکی نے 2 جڑواں بچیوں کو جنم دے دیا، بچی کی ماں نے شوہر کیخلاف پولیس میں شکایت درج کروا دی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر سرگودھا میں ایک ظالم شخص نے اپنی سوتیلی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنا کر کم عمری میں ماں بھی بنا ڈالا۔

بتایا گیا ہے کہ سرگودھا کے قصبہ بھاگٹانوالہ کے چک 87 جنوبی محمد اشفاق مغل نامی درندہ صفت شخص اپنی سوتیلی بیٹی کو ڈرا دھمکا کر کئی ماہ تک جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔ بتایا گیا ہے کہ متاثرہ بچی کی ماں نسیم بی بی نے 8 سال قبل محمد اشفاق مغل نامی شخص سے دوسری شادی کی تھی۔ دوسری شادی کے وقت نسیم بی بی کے پہلے شوہر سے 7 سالہ بچی افشاں بی بی بچی بھی تھی۔

(جاری ہے)

شادی کے کچھ برس بعد محمد اشفاق مغل نامی شخص نے سوتیلی بیٹی کے جوان ہونے پر اسے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ ظالم شخص نے 2 سال قبل بیوی کی عدم موجودگی میں سوتیلی بیٹی کو زبردستی دبوچ لیا اور جان سے مار دینے کی دھمکی دے کرزیادتی کا نشانہ بناڈالا۔ بعد ازاں اس تمام معاملے کےحوالے سے جب ظالم شخص کی بیوی کو شک ہوا تو اس کے شوہر نے ماں بیٹی کو قتل کی دھمکی دے کر خاموش کرا دیا۔

تمام معاملہ ماں کے علم میں آنے کے بعد بھی ظالم شخص 13 ماہ تک سوتیلی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔ بعد ازاں متاثرہ بچی نے سوتیلے باپ سے حاملہ ہو کر 4 ماہ قبل 2 جڑواں بچیوں کو جنم دے دیا۔ بچیوں کی پیدائش کے بعد جب معاملہ عزیزوں اور لوگوں کی زبان پر آنے لگا تو ایسے میں شوہر کی دھمکیوں سے خوف زدہ ماں نسیم بی بی بالآخر جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام حقائق سامنے لے آئی۔

خاتون نے شوہر کے خلاف سوتیلی بیٹی سے زیادتی کر کے اولاد پیدا کرنے کے الزام میں پولیس میں درخواست دے کر شوہر کے خلاف زیر دفعہ 376 ت پ مقدمہ درج کروا دیا۔ خاتون نے پولیس کو اپنا بیان قلم بند کرواتے ہوئے ملزم کے مجرمانہ ظلم کی شکار دو بچیوں کی ماں کو بھی پیش کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے معاملے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ جبکہ سوتیلی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے شخص کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آئی۔