ایمریٹس ائیر لائن نے شدید مالی بحران کے باعث ایک ہی دن میں 800 پائلٹس فارغ کر دئیے

کورونا وبا کے باعث بحران کا شکار ایمریٹس ائیرلائن نے مزید 9ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا منصوبہ بنا لیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 12 جولائی 2020 14:51

ایمریٹس ائیر لائن نے شدید مالی بحران کے باعث ایک ہی دن میں 800 پائلٹس ..
دبئی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-12جولائی2020ء) ایمریٹس ائیر لائن نے شدید مالی بحران کے باعث ایک ہی دن میں 800 پائلٹس فارغ کر دئیے، کورونا وبا کے باعث بحران کا شکار ایمریٹس ائیرلائن نے مزید 9ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا منصوبہ بنا لیا، غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایمریٹس ائیر لائن نے کورونا وبا کی وجہ سے بحران کا شکار ہونے کے بعد عملے کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا دوبارہ آغاز کردیا ہے۔

انڈسٹری کے ایک سینئر ایگزیکٹو نے کہا ہے کہ A380 بیڑے کے 560 پائلٹس اور B777 طیاروں کے 240 پائلٹس کو نوکریوں سے نکال دیا گیا ہے۔ ایک اور ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ بہت سے ہندوستانی پائلٹ بھی اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ تقریبا تمام ہندوستانی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

بہت کم لوگ باقی ہیں۔ یہاں تک کہ کمپنی میں 12-15 سال سے کام کرنے والے سینئر پائلٹوں کو بھی فارغ کردیا گیا ہے۔

ایمریٹس ایئرلائن نے نوکریوں میں 10 سے 20 فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالےسے بات کرتے ہوئے صدر ایمریٹس ایئرلائن کا کہنا تھا کہ ہم باقی ایئرلائنز کی طرح کام نہیں کر سکتے کیونکہ ہمارے زیادہ تر مسافر اب جا چکے ہیں اور موجود حالات میں انہیں جلد واپس لانا ممکن نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا بھی غلط نہیں ہو گا کہ آنے والے کچھ وقت میں شاید ہم 10 سے 20 فیصد پر ہی کام کر رہے ہوں۔

بات کرتے ہوئے ان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہمیں حالیہ کورونا کی صورتحال کی وجہ سے بھارتی خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کی وجہ سے ہم اپنا اسٹاف محدود کرنے پر مجبور ہیں۔ خیال رہے کہ اس وقت کورونا کی وجہ سے پوری دنیا کا نطام درہم برہم ہو گیا ہے جس کے بعد دنیا کے بیشتر ممالک کی جانب سے سفری پابندیاں بھی لگا دی گئی تھیں۔