شہباز گل کا احسن اقبال کی ٹوئٹ پر سخت ردعمل کا اظہار

اگر آپ باہر کسی ملک میں اورنج لائن جیسے سفید ہاتھی کو عوام کے سر تھوپنے کی کوشش کرتے تو آپ جیسے نااہل ’معماروں‘ کو محاورتاً نہیں حقیقتاً ’'چٴْن‘ دیا جاتا یا اس کھجور کے درخت کے ساتھ باندھ دیا جاتا جو آپ نے لاکھوں روپے میں بیچے،بیان

اتوار 12 جولائی 2020 18:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ کار شہباز گل نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کی ایک ٹوئٹ پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر آپ باہر کسی ملک میں اورنج لائن جیسے سفید ہاتھی کو عوام کے سر تھوپنے کی کوشش کرتے تو آپ جیسے نااہل ’معماروں‘ کو محاورتاً نہیں حقیقتاً ’'چٴْن‘ دیا جاتا یا اس کھجور کے درخت کے ساتھ باندھ دیا جاتا جو آپ نے لاکھوں روپے میں بیچے۔

شہباز گل نے کہا کہ شکر منائیں کہ آپ جیسے معمار پاکستان میں پائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

شہباز گل نے (ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کے بیان پر بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کے باوجود برآمدات میں اضافہ ہونے پرمریم صاحبہ کو رنج ہے، آج 5 ہزار ارب روپے قرض واپس کرنے والے سے سوال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2سال میں معیشت کو درست سمت لے جانے پر استعفیٰ مانگا جا رہا ہے درحقیقت بلومبرگ، موڈیز، ورلڈ بینک کا معاشی استحکام کی تعریف کرنا انہیں چبھ رہا ہے۔معاون خصوصی نے سوالیہ انداز میں کہا کہ پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ مثبت کرنے کی پاداش میں عمران خان مستعفی ہوں حالانکہ (ن) لیگ ہوتی تو زلزلہ زدگان کی رقم کی طرح 1200 ارب بھی جیبوں میں ڈالا جاتا۔