{اجمل وزیر آڈیو، حکومتی کارستانیوں کی ایک جھلک ہی: فائزہ رشید

۵سلطنت عمرانیہ میں کرپشن، بدعنوانی اور مہنگائی عروج پر ہے‘ رہنماء قومی وطن پارٹی و سابق ممبر صوبائی اسمبلی

اتوار 12 جولائی 2020 18:30

Oپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2020ء) اجمل وزیر کا آڈیو سکینڈل نام نہاد ریاست مدینہ کے دعویدار کرپٹ حکومت کی کارستانیوں کی ایک جھلک ہے، چینی آٹا سکینڈل، پیٹرول مافیا، بینک آف خیبر سکینڈل، بی آر ٹی سکینڈل، مالم جبہ کیس، فارن فنڈنگ کیس اور ادویات و دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں میں بیک جنبش ہوشربا اضافہ سلطنت عمرانیہ کے وہ چیدہ چیدہ کارنامے ہیں جنہیں قوم معاف کرنے کو تیار نہیں، ان خیالات کا اظہار قومی وطن پارٹی کی صوبائی نائب چیئرمین ڈاکٹر فائزہ رشید نے گزشتہ روز حکومتی مشیر اطلاعات اجمل وزیر کی اشتہارات میں کمیشن مانگنے کی آڈیو ٹیپ منظر عام پر آنے کے حوالے سے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا اجمل وزیر کی برطرفی اس بات کا ثبوت ہے کہ سلطنت عمرانیہ میں کرپشن کا بازار گرم ہے اور کرپشن ختم کرنے کیخلاف جس نے پرکشش نعرے لگائے وہ خود ہی کرپشن میں ملوث ہیں، صوبائی نائب چیئرمین قومی وطن پارٹی ڈاکٹر فائزہ رشید نے کہا کہ اب جب کہ اجمل وزیر کیخلاف کرپشن ثابت ہو چکی ہے تو اخلاقاً وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پختونخواہ کو استعفیٰ دینا چاہیے کیونکہ اجمل وزیر کی ہر آفیشل ٹاک کا آغاز ان دو الفاظ ''وزیرِ اعظم عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ محمود خان کی نگرانی میں''، تواتر سے ہوتا تھا، پس اس سے ثابت ہوا کہ سلطنتِ عمرانیہ کا وژن کیا ہے اور وزیر اعلیٰ کی زیر نگرانی کس طرح کرپشن کی لوٹ مار مچی ہوئی ہے، ڈاکٹر فائزہ رشید نے مزید کہا کہ کرپشن کے خلاف جہاد کرنیوالی حکومت کے دور میں کرپشن میں نمایاں اضافہ ہوگیا، بلکہ مہنگائی کو ختم کرنے کا دعویٰ کرنے والی سرکار کے دور میں نہ صرف مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوگیا بلکہ آٹا، چینی تک عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوگئے۔