جامعہ کراچی کے شعبہ کرمنالوجی میں چوری کرنے والا ملزم گرفتار

اتوار 12 جولائی 2020 18:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2020ء) جامعہ کراچی کے شعبہ کرمنالوجی میں چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔رپورٹ کے مطابق رینجرز نے جامعہ کراچی کے شعبہ کرمنالوجی میں چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیاہے۔رینجرز حکام کے مطابق ملزم اویس کو گرفتار کرکے چوری شدہ سامان برآمد کرلیا گیا ہے، ملزم کراچی یونیورسٹی کا سابق طالب علم ہے۔

رینجرز حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش کے بعد ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز جامعہ کراچی میں چور شعبہ انچارج کے دفتر سے اہم دستاویزات لے کر فرار ہوگیا تھا ، اہم دستاویزات میں مقالہ جات،ملٹی میڈیا، پروجیکٹ اور امتحانی نتائج اور اٹینڈنس شیٹ شامل تھیں۔سربراہ شعبہ کرمنالوجی غلام محمد برفت نے انکشاف کیا تھا کہ پہلے بھی گروپ کی جانب سے دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں ، ان لوگوں کے اپنے کچھ مقاصد ہوتے ہیں، یہ لوگ تشدد ، دہشت گردی اور کرپشن کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں اور نہیں چاہتے کہ لوگوں کو اس حوالے سے آگاہی دی جائے۔

(جاری ہے)

غلام محمد برفت نے بتایاکہ کرمنالوجی شعبے کا بنیادی مقصد ہی تشدد کو ختم کرنا، اس بارے میں آگاہی دینا اور لوگوں کو کرپشن اور کرائم کے حوالے سے باخبر رکھنا ہے۔خیال رہے کہ جامعہ کراچی کے تمام شعبہ جات کرونا وائرس کے پیش نظر بند ہیں۔