Live Updates

پی ٹی آئی ضلعی صدر کی حلیم عادل شیخ کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت

اتوار 12 جولائی 2020 18:50

حیدرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2020ء) پاکستان تحریک انصاف ضلع حیدرآباد کے صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت حق بات کہنے اور وزیراعلیٰ سمیت صوبائی وزراء کی کرپشن کو بے نقاب کرنے کی پاداش میں پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر حلیم عادل شیخ کو مختلف الزامات لگاکر ہراساں کررہی ہے جس کا مقصد کرپشن کیخلاف اٹھائی جانے والی آواز کو دبانا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی جوکہ برسہا برس سے سندھ کے وسائل کو لوٹ رہی ہے ، پورا سندھ کھنڈر بنادیا گیا ہے ، اربوں روپے کے ترقیاتی بجٹ پیپلزپارٹی کے بدعنوان وزراء کی عیاشیوں پر خرچ ہورہے ہیں جبکہ غریب عوام پینے کے صاف پانی ، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حلیم عادل شیخ اور پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت نے جس طرح پیپلزپارٹی کی لوٹ مار کو بے نقاب کیا ہے اس کے بعد سے صوبائی حکمران اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں اور ان پر بے بنیاد الزامات لگاکر ہراساں کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی بدعنوان عناصر کو کیفر کردار تک پہنچاکر دم لے گی ، اب وقت آگیا ہے کہ جب ان لٹیروں اور کرپٹ حکمرانوں کی لوٹ مار عوام کے سامنے لائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی جس نے ہمیشہ عذیر بلوچ کی سرپرستی کی، انہیں اپنے جرائم کیلئے استعمال کیا ، سندھ کے عوام جانتے ہیں کہ یہی عذیر بلوچ پیپلزپارٹی کیلئے کتنا اہم تھا اور اس نے پیپلزپارٹی کی قیادت کے کہنے پر جو کچھ کیا وہ جے آئی ٹی کی صورت میں خود بتاچکا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات