ثابت ہوگیا ملک کو موجودہ مشکلات سے نکالنا عمران خان اور اس کی نالائق ٹیم کے بس میں نہیں‘رانا ثناء اللہ

میرا عمران خان کو مشورہ ہے وہ عوام کی غربت اور بڑھتی ہوئی افلاس پر ترس کھائے اور فوری طور پر مستعفی ہو کر ملک میں از سر نو انتخابات کا اعلان کریں ملک موجودہ دلدل میں پھنسانے کے ذمہ دار عمران خان اور اس کے دائیں بائیں بیٹھنے والے نالائق لوگ ہیں‘لیگی رہنما ء کی میڈیا سے گفتگو

پیر 13 جولائی 2020 13:24

ثابت ہوگیا ملک کو موجودہ مشکلات سے نکالنا عمران خان اور اس کی نالائق ..
شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2020ء) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ میرا عمران خان کو مشورہ ہے کہ وہ عوام کی غربت اور بڑھتی ہوئی افلاس پر ترس کھائے اور فوری طور پر مستعفی ہو کر ملک میں از سر نو انتخابات کا اعلان کریں ثابت ہوگیا ہے کہ ملک کو موجودہ مشکلات سے نکالنا عمران خان اور اس کی نالائق ٹیم کے بس میں نہ ہے نواز لیگ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے گی اور اے پی سی کے تمام فیصلوں پر عملدرآمد ہوگا تمام جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ ملک اور قوم کو کسی نئے بحران سے بچانے کے لیے نالائق حکمرانوں سے چھٹکارا پانا ضروری ہے یہ بات انہوں نے نواز لیگ کی خاتون رکن پنجاب اسمبلی سیدہ عظمیٰ بخاری ایڈووکیٹ کے والد اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق جسٹس سید زاہد حسین بخاری ایڈووکیٹ کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے ملک میں کرپشن کو فروغ دیا ہے میری عمران خان سے گذارش ہے کہ خدا کے واسطے نوٹس لینا بند کر دیں چینی سے لے کر پٹرول تک جس چیز کا وہ نوٹس لیتے ہیں وہ چیز اگلے روز نایاب ہو جاتی ہے یا اس کی قیمت آسمان تک پہنچ جاتی ہے انہوں نے کہا کہ ملک موجودہ دلدل میں پھنسانے کے ذمہ دار عمران خان اور اس کے دائیں بائیں بیٹھنے والے نالائق لوگ ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کا صرف ایک ہی حل ہے کہ آزاد اور منصفانہ انتخابات کروا کر حکومت عوام کے حقیقی نمائندوں کے سپرد کی جائے انہوں نے سید زاہد حسین بخاری ایڈووکیٹ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے چلنے والی تحریکوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اس مقصد کے لیے کبھی کسی قربانی سے گریز نہیں کیا خدا وندکریم انہیں کروٹ کروٹ جنت الفردوس میں جگہ عطاء فرمائیں-