سرکاری ملازمین کو جبری ریٹائرڈ کرنے کی خبریں زیرگردش ہیں، شہباز شریف

ملازمین کو ریٹائرڈ کرنے کیلئے کمیٹیاں بھی تشکیل دی جا رہی ہیں، ملازمین پہلے ہی معاشی طور پر پسے ہوئے ہیں، یہ معاملہ بدنیتی پر مبنی ہے، قومی اسمبلی میں حکومت سے وضاحت طلب کریں گے۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 13 جولائی 2020 19:36

سرکاری ملازمین کو جبری ریٹائرڈ کرنے کی خبریں زیرگردش ہیں، شہباز شریف
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13جولائی 2020ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور صدر ن لیگ میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کو جبری ریٹائرڈ کرنے کی خبریں زیرگردش ہیں، ملازمین کو ریٹائرڈ کرنے کیلئے کمیٹیاں بھی تشکیل دی جا رہی ہیں، یہ معاملہ بدنیتی پر مبنی ہے، قومی اسمبلی میں حکومت سے وضاحت طلب کریں گے۔

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سرکاری ملازمین کو جبری ریٹائر کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کی خبریں گردش میں ہیں۔ حکومت یہ اقدام ایسے موقع پر کرنا چاہتی ہے جب لوگ پہلے ہی معاشی طورپر پس کررہ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ تمام معاملہ بدنیتی کا مظہر ہے۔ ہم اس معاملے پر قومی اسمبلی میں حکومت سے وضاحت طلب کریں گے۔

واضح رہے آئی ایم ایف کی تجاویز پر مشیر اصلاحات کمیشن عشرت حسین نے تنخواہوں پر سالانہ انکریمنٹ ختم کرنے کی سفارشات حکومت کو بھجوا دیں۔ آئی ایم ایف نے تجویز دی ہے کہ بنیادی پےاسکیل پر تعینات سرکاری ملازم ریٹائرمنٹ تک اسی بنیادی تنخواہ پر رکھا جائے۔ اصلاحات کمیشن کی سفارشات کی حتمی منظوری کابینہ سے لی جائے گی۔ ذرائع وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف نے اخراجات میں کمی کیلئے شرط عائد کر رکھی ہے۔

آئی ایم ایف نے تجویز دی کہ بنیادی تنخواہ پر انکریمنٹ کی بجائے تنخواہیں منجمد کی جائیں۔ آئی ایم ایف نے مزید تجویز دی ہے کہ تنخواہوں میں اضافہ کی بجائے الاؤنسز میں معمولی اضافہ کیا جائے۔ سالانہ انکریمنٹ میڈیکل اور ہاؤس رینٹ اور دیگر الاونسز پر دیا جائےگا۔ اس اقدام سے حکومت ریٹائرمنٹ کے وقت کم پنشن ادا کرے گی۔ اس اقدام سے الاؤنسز انتہائی کم مقدار میں بڑھیں گے۔ جبکہ ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کی پنشنرز کا بوجھ کم ہو جائے گا۔ ریٹائرمنٹ کے وقت حکومت کم بنیادی تنخواہ پر ہی پنشن کیلکولیٹ کرے گی۔