پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیرکے چیئر مین شہر یار آفریدی کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی جانب سے انسانیت کی تذلیل کی شدید مذمت‘

عالمی برادری سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کی اپیل

منگل 14 جولائی 2020 00:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2020ء) پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیرکے چیئر مین شہر یار آفریدی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی جانب سے انسانیت کی تذلیل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری صورتحال کو فوری نوٹس لے ،پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا ، پیر کویوم شہدائے کشمیر پر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا نریندرا مودی کو مکروہ عزائم سے روکے اور مقبوضہ وادی میں بے گناہ کشمیریوں پر مظالم بند کرائے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو موئثر طور اجاگر کیا جو اب ایک بین الاقوامی ایشو بن چکا ہے، شہر یار آفریدی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو مزید اجاگر کرنے اور بھارت کے بد ترین چہرے کو بے نقاب کرنے کے لئے میڈیا کو بھی اہم کردار ادا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لئے پیلٹ گنز استعمال کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر دنیا نے کشمیریوں کی مشکلات پر خاموشی اختیار کر لی تو یہ اس کی بڑی بے حسی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کاز کو سربلند رکھنے کے لئے پاکستان کا تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اٹھے اور مداخلت کرکے کشمیریوں کا قتل عام بند کرائے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے۔ چیئر مین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر کے حوالہ سے جارحانہ سفارتی کوششیں شروع کی ہیں۔

سلامتی کونسل میں کشمیر سے متعلق تین خصوصی اجلاس ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں خود عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی طرف دلائوں گا ‘بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے جو سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے جس سے ہمارے شہریوں کا جانی اورمالی نقصان ہوا ہے۔