پنجاب حکومت نے ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کھولنے کا عندیہ دے دیا

ستمبر کے شروع میں صورتحال کا جائزہ لے کر ایس او پیز کے تحت تمام شادی ہالز کھولے جا سکتے ہیں، حتمی منظوری این سی او سی کی جانب سے دی جائے گی: صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال

muhammad ali محمد علی پیر 13 جولائی 2020 22:11

پنجاب حکومت نے ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کھولنے کا عندیہ دے دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جولائی2020ء) پنجاب حکومت نے ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کھولنے کا عندیہ دے دیا، صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ ستمبر کے شروع میں صورتحال کا جائزہ لے کر ایس او پیز کے تحت تمام شادی ہالز کھولے جا سکتے ہیں، حتمی منظوری این سی او سی کی جانب سے دی جائے گی۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے پیر کے روز لاہور میں مارکی اور شادی ہالز مالکان کی احتجاجی ریلی میں پہنچ کر ستمبر کے پہلے ہفتے سے ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کھولنے کا اعلان کر دیا۔

بعد ازاں ان سے سی سی پی او آفس میں میرج ہال ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی اور شادی ہالوں کی بندش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

میرج ہال ایسوسی ایشن کے وفد نے کہا کہ شادی ہال کھولے جائیں۔ ہم ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کریں گے۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شادی ہالوں کی بندش سے آپ کی مشکلات کا پوری طرح احساس ہے۔

ماہ ستمبر کے اوائل میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لے کر شادی ہال کھولنے کی تجویز این سی او سی کے اجلاس میں رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔ ماہ ستمبر کے شروع میں صورتحال کا جائزہ لے کر ایس او پیز کے تحت تمام شادی ہالز کھولے جا سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کورونا کی وباء کے پیش نظر کاروبار بند کرنے پر مجبور ہوئے۔

کاروبار کھلیں گے تو حکومت کو ٹیکس ملے گا اور لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے مزید اقدامات کئے جا سکیں گے۔ صوبائی وزیر کا موقف سننے کے بعد میرج ہال ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے یقین دہانی کرائی کہ شادی ہال کھولنے کی صورت میں حکومتی ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس پھیلاو کے باعث مارچ کے ماہ میں دیگر کاروباری مراکز سمیت شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کو بھی بند کر دیا تھا۔ بعد ازاں دیگر کئی کاروبار تو کھل گئے، لیکن ریسٹورنٹس اور شادی ہالز تاحال بند ہیں۔ اب حکومت نے ستمبر کے ماہ میں ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کھولنے کا عندیہ دیا ہے۔