بھارت نے پاکستان کیخلاف استعمال ہونیوالے بجٹ میں سو فیصد اضافہ کردیا

بھارت کی جانب سے ملکی مفادات کے تحفظ اور خصوصی طور پر پاکستان کے خلاف استعمال کیے جانے والے مخصوص دفاعی بجٹ میں سو فیصد اضافہ کردیا گیا ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 13 جولائی 2020 22:48

بھارت نے پاکستان کیخلاف استعمال ہونیوالے بجٹ میں سو فیصد اضافہ کردیا
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13جولائی 2020ء) : بھارت نے پاکستان کیخلاف استعمال ہونیوالے بجٹ میں سو فیصد اضافہ کردیا، بھارت کی جانب سے ملکی مفادات کے تحفظ اور خصوصی طور پر پاکستان کے خلاف استعمال کیے جانے والے مخصوص دفاعی بجٹ میں سو فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت کے مرکزی بجٹ برائے 2020ء - 2021ء میں دفاعی بجٹ میں زبردست اضافے کی نشاندہی کی گئی تھی لیکن اب یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ بھارت نے پاکستان کیخلاف استعمال ہونیوالے بجٹ میں سو فیصد اضافہ کردیا ہے۔

اس سے قبل ایک یورپی ریسرچ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ بھارت دفاعی اخراجات کرنے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے جس نے سال 2020 سے 2021 کے لیے 77 کھرب 85 ارب روپے کا دفاعی بجٹ منظور کیا ہے، رپورٹ میں اس بجٹ کا موازنہ پاکستان کے دفاعی بجٹ 12 کھرب 90 ارب روپے سے بھی کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

دنیا بھر کے ممالک نے 2019ء میں ریکارڈ 1.9 کھرب ڈالر فوجی اخراجات کیے۔

بھارت کا مرکزی بجٹ برائے 2020ء-2021ء وزیر مالیات بھارت نرملا سیتھارمن نے 1 فروری 2020ء کو بھارتی پارلیمان کے ایوان زیریں میں پیش کیاتھا، یہ نریندر مودی کی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد کی دوسری حکومت کا دوسرا بجٹ ہے جس میں اس مد میں بجٹ میں سو فیصد اضافہ کیا گیا ہے، یہ رقم بھارت اپنے ایجنٹوں کے ذریعے استعمال کرتا ہے۔ بھارت ہمیشہ سے ہی پاکستان کے خلاف محاذ کرتا آیا ہے اور اس کیلئے پیسہ بھی پانی کی طرح بہایا گیا ہے اور بھارت نے پاکستان کو نقصان پہنچانے والے مخصوص بجٹ میں سو فیصد اضافہ کردیا ہے۔

یاد رہے کہ سال 1969-70ء میں بھارتی حکومت نے فنڈ استعمال کرتے ہوئے بنگلہ دیش میں مقتی باہنی کو فنڈ دے کر بنگلہ دیش کی راہ ہموار کی تھی جس کا اعتراف بھارتی وزیر اعظم مودی ایک انٹر ویو میں تین سال قبل کر چکے ہیں۔