اداکارہ عالیہ چوہدری اپنی کسمپرسی پر حکومت کی بے حسی پر پھٹ پڑیں

مصیبت کی گھڑی میں کوئی بھی حکومتی نمائندہ داد رسی کے لئے میرے پاس نہیں آیا

منگل 14 جولائی 2020 11:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2020ء) اسٹیج کی سینئر اداکارہ عالیہ چوہدری اپنی کسمپرسی پر حکومت کی بے حسی پر پھٹ پڑیں ۔اداکارہ عالیہ چوہدری ان دنوں کسمپرسی کی حالت میںزندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں اور بروقت کرایہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے مالک مکان نے انہیں گھر سے بے دخل کر دیا جس کی وجہ سے وہ اہل خانہ کے ہمراہ سبزہ زار میں ایک جھگی میں پناہ لینے پر مجبور ہیں ۔

(جاری ہے)

عالیہ چوہدری نے کہا کہ انتہائی دکھ اور افسوس ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں کوئی بھی حکومتی نمائندہ داد رسی کے لئے میرے پاس نہیں آیا۔اسٹیج کے ساتھیوں کی مدد سے اپنے گھر کا چولہا جلا رہی ہوں جس پر ان کی مشکور ہوں ۔انہوں نے کہا کہ میری وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اطلاعات و ثقافت سے استدعا ہے کہ میری مجبوری اور مالی حالات کو دیکھتے ہوئے مجھے چھت فراہم کرنے ساتھ میری مالی معاونت کی جائے ۔