امریکی سینیٹ میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کے لیے 5واں بل آئندہ ہفتے پیش کیا جائے گا

منگل 14 جولائی 2020 15:48

امریکی سینیٹ میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کے لیے 5واں بل آئندہ ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2020ء) امریکی سینیٹ میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کے لیے 5واں بل آئندہ ہفتے پیش کیا جائے گا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق سینیٹ کے اکثریتی رہنما مچ میک کونل نے گزشتہ روز امریکی ریاست کنٹکی میں اپنی رہائش گاہ پر ریڈیو پر انٹرویو میں بتایا کہ کورو نا وائرس سے بچائو کے اقدامات کے لیے نئے اور پانچویں امدادی بل پر سینیٹ میں آئندہ ہفتے بحث شروع ہو گی جو ممکنہ طور پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی امداد کے گزشتہ چار بلوں کے مقابلے میں زیادہ وسیع ہو گا۔

(جاری ہے)

کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے کاروباروں کے لیے قرضوں، ملازمین کی مزید بہتری کے لیے بے روزگاری فوائد میں توسیع اور خاندانوں کو براہ راست رقم کی ادائیگی کے لیے 3 ٹرلین ڈالر سے زیادہ سرمائے پر مشتمل بلوں کی کانگریس کے ڈیموکریٹس ارکان پہلے ہی منظوری دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اگست میں کانگریس کی چھٹی شروع ہونے سے قبل ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے لیکن اس بل اور لوگوں اور خاندانوں کو براہ راست رقم کی ادائیگی سے متعلق کانگریس اور وائٹ ہائوس ریپبلیکنز اور ڈیموکریٹس کے درمیان وسیع اختلافات پائے جاتے ہیں جسے حل کرنے کے لیے مذاکرات مشکل دور سے گزر سکتے ہیں۔