Live Updates

13جولائی 1931کو اذان کی حرمت پر شہید ہونے والے کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع

منگل 14 جولائی 2020 16:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2020ء) پاکستان تحریک انصاف نے 13جولائی 1931کو اذان کی حرمت پر شہید ہونے والے کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی ۔ تحریک انصاف کی رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیاہے کہ 13جولائی کا دن 1931میں کشمیر کی آزادی کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی یاد میں بطور یوم شہدائے کشمیر منایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس دن سری نگر میں مرد مجاہد عبدالقدیر خان کے کیس کی سماعت تھی ۔جیل کے باہر 22 کشمیری مسلمان اذان ظہر مکمل کرتے ہوئے ڈوگرہ سپاہیوں کی فائرنگ سے ایک کے بعد ایک شہید ہوئے تھے۔اس سفاکانہ واقعہ نے کشمیریوں کے دلوں میں حریت پسندی کے جذبے کو جنم دیا جو آج تک قائم ہے۔پاکستانی قوم یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر کشمیریوں کی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتی ہے ۔مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ، اوآئی سی اور دیگر بین الاقوامی تنظیمیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دلائیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات