حج سیزن میں مکہ مکرمہ میں غیرمجاز داخلے پر10 ہزار ریال جرمانہ عاید ہوگا

جرمانے کا اطلاق 19 جولائی سے ہوگا اور یہ ضابطہ دو اگست تک نافذ العمل رہے گا،وزارت داخلہ

منگل 14 جولائی 2020 16:27

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2020ء) سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اس موسم حج کے دوران میں مکہ مکرمہ میں مقررہ اجازت نامے کے بغیر داخل ہونے والے افراد پر 10 ہزار ریال فی کس جرمانہ عاید کرنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس جرمانے کا اطلاق 19 جولائی سے ہوگا اور یہ ضابطہ دو اگست تک نافذ العمل رہے گا۔

(جاری ہے)

اگر کوئی شخص مکہ مکرمہ میں غیر مجاز داخلے کی پابندی کی دوبارہ خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا تو اس کو دگنا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا اور یہ رقم 20 ہزار ریال ہوگی۔وزارت داخلہ نے تمام شہریوں اور مکینوں پر زوردیا کہ وہ اس سال حج سیزن کے لیے جاری کردہ ہدایات کی پاسداری کریں۔اس نے واضح کیا کہ سکیورٹی افسر مسجد الحرام اور دوسرے مقدس مقامات کی جانب جانے والی شاہراہوں پر فرائض انجام دیں گے اور مخصوص عرصے کے دوران میں مقدس مقامات میں داخلے کی کسی بھی کوشش کی نگرانی کریں گے۔