افغانستان کے جنوبی صوبہ سمنگان میں افغان انٹیلی جنس کے صوبائی ہیڈکوارٹر پر کاربم دھماکہ ، ،فائرنگ کے نتیجے میںکم از کم10 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

منگل 14 جولائی 2020 16:27

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2020ء) افغانستان کے جنوبی صوبہ سمنگان میں افغان انٹیلی جنس کے صوبائی ہیڈکوارٹر پر کاربم دھماکے اورشدید فائرنگ کے نتیجے میںکم از کم10 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 50 سے زائدانٹیلی جنس اہلکار اور افغان شہری زخمی ہوگئے ۔صوبائی گورنرکے ترجمان صدیق عزیزی کے حوالے سے ابتدائی معلومات کے مطابق صوبہ سمنگان کے صدر مقام ایبک شہر میں واقع نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) کی عمارت پرپیر کے روز صبح 11 بجے ایک خودکش بمبار نے کار بم دھماکہ کرایا جس کے بعدبیک وقت کئی حملہ آور شدید فائرنگ کرتے ہوئے عمارت میں داخل ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق دھماکہ انتہائی زوردارنوعیت کا تھا جس کی وجہ سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

(جاری ہے)

دھماکے کے بعددوردورسے فضا میں دھواں اٴْڑتادکھائی دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی افغان فورسز نے علاقہ کا گھیراؤ کرلیا اور حملہ آوروں کے خلاف بھرپورکاروائی شروع کردی۔اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں اور فورسز کے مابین کئی گھنٹوں تک فاائرنگ جاری رہی۔

صوبائی ترجمان عزیزی کے مطابق افغان فورسز نے چار حملہ آوروں کو سخت مزاحمت کے بعد موت کے گھاٹ اٴْتاردیا۔غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صوبہ سمنگان کے گورنرعبدالطیف ابراہیمی نے کاردھماکہ اور شدیددوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں10 سیکیورٹی اہلکار کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ 54دیگر افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں متعدد افغان شہری بھی شامل ہیں۔

محکمہ صحت کے صوبائی سربراہ عبدالخلیل مصدق کے مطابق بچوں اور خواتین سمیت درجنوں افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا جارہا ہے۔ ا دھرافغان میڈیانے طالبان کے ترجمان کے حوالے سے بتایاہے کہ طالبان نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئی70 اہلکاروں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔