ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کی زیرِ صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد

منگل 14 جولائی 2020 16:55

سرگودہا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2020ء) ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے کہا ہے کہ مختلف مکاتب ِفکر کے علماء کرام ایک گل دستہ کی مانند ہیںجن کے باہمی اتفاق و اتحاد سے ضلع میں امن قائم ہے حکومت علماء کرام کے جذبہ کی قدر کرتی ہے اور امید رکھتی ہے کہ عید الا ضحی پر کرونا وائرس سے بچائو کیلئے حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔

وہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل گلزار ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) بلال فیروز جوئیہ،مولانا اکرم طوفانی ،عرفان اللہ ثنائی ، قاری وقار عثمانی، قاری احمد علی ندیم،مولانا عمر فاروقی،، قاری عبدالوحید، عبداللہ سعید ہاشمی، قاضی نگاہِ مصطفی ،ریاست فیروزی،احمد مسعود زاہدی اور سید حسن کرمانی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عیدالا ضحی پر ضلع بھر میں 10مویشی منڈیاں لگائی جارہی ہیں۔اسکے علاوہ کسی اور جگہ مویشی فروخت کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں ہو گی۔انہوںنے کہاکہ مویشی منڈیوں میں ماسک کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ نمازِ عید کے اجتماعات کھلی جگہ پر منعقد ہو گے جہاں اجتماعات سے پہلے اور بعدمیں جراثیم کش سپرے کیا جائیگا،اجتماعات میں نمازیوں کے مابین سماجی فاصلوں اور ماسک کے استعمال کو بھی یقینی بنایا جا ئیگا۔

انہوںنے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ اپنے جمعة المبارک کے اجتماعات میں عوام میں اس حوالے سے شعور اجاگر کریں۔ انہوںنے کہاکہ صاحب ِثروت میں اجتماعی قربانی کا شعور اجاگر کیا جائے ۔نفلی قربانی کے خواہش مند افراد کرونا صورتحال سے متاثرہ افراد کی مدد کر کے زیادہ ثواب حاصل کر سکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ یونین کونسل سطح پر قربان گاہیں بنانے کی بھی تجویز پر غور ہو رہا ہے تاکہ گھروں کی بجائے ایک ہی جگہ قربانی کے جا سکے۔

قربانی کے جانور وں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے بلدیاتی اداروں نے منصوبہ بندی کرلی ہے۔انہوںنے کہاکہ عید الفطر پرہماری غفلت سے میل جول زیادہ ہونے سے کرونا کیسز میں اضافہ ہوا۔ علماء کرام عوام میں شعور کر اجاگر کریںکہ عید الا ضحی پر ضرورت کے تحت میل جول رکھا جائے تاکہ اس دفعہ کرونا کو دوبارہ پھیلنے سے روکا جا سکے۔