تحریک کشمیر برطانیہ کا شہدائے 13جولائی کو شاندار خراج عقیدت

منگل 14 جولائی 2020 18:23

لندن۔ اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2020ء) تحریک کشمیر برطانیہ نے یوم شہدائے کشمیر کے سلسلے میں 13 جولائی 1931 کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک تقریب کا انعقادکیا جنہیں89 سال پہلے ڈوگرہ مہاراجہ کے فوجیوں نے سرینگر میں شہید کیاتھا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آزاد جموںوکشمیر اسمبلی کی پبلک اکاو ٴنٹس کمیٹی کے چیئرمین عبدالرشید ترابی مہمان خصوصی تھے جبکہ جموں کشمیر سالویشن موومنٹ کے صدر الطاف احمد بٹ نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔

کانفرنس کی صدارت صدر تحریک کشمیر برطانیہ فہیم کیانی نے کی۔ فہیم کیانی نے تمام شرکا ء کا خیرمقدم کیا اور 13 جولائی 1931 ئ کے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کیا۔الطاف احمد بٹ نے اپنے خطاب کے دوران راجہ فہیم کیانی کی کشمیر کاز کے لئے جاری کوششوں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بانی رکن ہونے کے ناطے ہم نے دیکھا ہے کہ چھوٹی چھوٹی غلط فہمیوں کی وجہ سے ہم نے کشمیر کے سیکڑوں بہادر آزادی پسندوں کو کھو دیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہمارے دشمن کو ہماری غلطیوں سے ہمیشہ فائدہ ہوا ہے۔ اب ہمیں ایک ہی نکتے پر قائم رہنا ہے اوروہ ہے رائے شماری۔ اگر تمام جماعتیں متحد ہو کر اس واحد ایجنڈے کا مطالبہ کریں تو دنیا مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کوحق خود ارادیت دینے پر مجبور ہوگی جس کی ضمانت اقوام متحدہ نے دی ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کو بھارتی ریاستی دہشت گردی کے چنگل سے آزاد کرانے کے لئے عملی اقدامات کریں۔

سابق رکن یورپی پارلیمنٹ شفق محمود نے کہا کہ نوجوانوں کو تاریخ معلوم ہونی چاہئے کہ1931 میں کیا ہوا تھا اور ہمیں لوگوں کو اس سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔کشمیرایوان صنعت وتجارت کے سابق صدر ڈاکٹر مبین شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 1931 کے واقعے کو 89 سال بیت گئے اور پھر بھی ہمیں آزادی نہیں ملی۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر میں کالے قوانین نافذ ہیں جہاں سچ بولنے پر لوگوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت غیر معینہ مدت کے لئے جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔

صدر تحریک کشمیر یورپ محمد غالب نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر 13 جولائی 1931 کے شہداء کی قربانیوں کا تسلسل ہے۔چیئرمین جی کے پی ایس سی راجہ سکندر نے کہا کہ ہمیں کشمیرکاز کے لئے ایک مثبت نقطہ نظر کے ساتھ آگے آنا ہوگا۔ تقریب سے کونسلر سمیرہ خورشید ، ڈائریکٹر پاکستان ہاو ٴس رانا اطہر جاوید اور پی ٹی وی کے اینکرپرسن یاسر رحمان نے بھی خطاب کیا۔ جن دیگر افراد نے کانفرنس میں شرکت کی اور خطاب کیا ان میں بشیر رتوی ، ایم علی اصغر ، سید ارشد محسن ، چوہدری غفارت شاہد ، انجم جرال ، محمد شریف ، اکرام الحق ، ایم اکرام ،امیر حمزہ ملک ، آزاد جرال ، ریحانہ علی ، فیض محمد ، محمد اعظم فاروق ، شہزاد ، نذر لودھی ، خالد محمود ، فرخ مراد قریشی اور یاسر عالم شامل تھے۔