کاٹی نے ایف پی سی سی آئی ہیڈ آفس اسلا آباد منتقل کرنے کی تجویز کی مخالفت کردی

منگل 14 جولائی 2020 19:08

کاٹی نے ایف پی سی سی آئی ہیڈ آفس اسلا آباد منتقل کرنے کی تجویز کی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2020ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر شیخ عمر ریحان، سینئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت اور نائب صدر سید واجد حسین نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے ہیڈ افس کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کی تجویز کو پاکستان کی تاجر و صنعتکار برادری کو منتشر کرنے اور ملکی معیشت کی بربادی کے مترادف قرار دیا۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ملکی خزانے میں سب سے زیادہ ریونیودینے والا شہر ہے،معاشی سرگرمیوں کے لحاظ سے بین القوامی حیثیت رکھتا ہے۔ شیخ عمر ریحان نے کہا کہ شہر کراچی میں صنعت و تجارت سے وابستہ سب سے زیادہ ٹریڈ باڈیز،مرکزی بینک، اسٹاک ایکسچینج اور بیشتر بینکوں کے صدر دفاتراور غیر ملکی درآمدات اور برآمدات کی ترسیل کے لئے بندرگاہ ہے۔

(جاری ہے)

اس سب کے باوجودایف پی سی سی آئی کی اسلام آباد منتقل کرنے کی تجویز ناقابل فہم ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کے سب سے اہم ترین پلیٹ فارم کو ملک کی معاشی شہ رگ سے دور کرنے سے ملکی معیشت پر بھی سنگین منفی اثرات پڑیں گے۔شیخ عمر ریحان نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی انتطامیہ اور عہدیداران فیڈریشن کے صدر دفتر کی اسلام آباد منتقلی کوفوری طور پہ ایجنڈے سے خارج کرکے بزنس کمیونٹی میں اتحاد کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے۔