وزیراعظم عمران خان ایسا سینٹ الیکشن چاہتے ہیں جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے ،وفاقی وزیر اطلاعات

سرکاری اداروں کے سربراہوں کی تعیناتی ایک چیلنج ہے، تمام اداروں میں غیر قانونیت کا نظام دیکھنے میں آیاجس کی اصلاحات جاری ہیں، کئی سرکاری ادارے ہیں، جن کے لیے قابلیت کے حامل اہل لوگ نہیں ہیں، ماضی کے حکمرانوں نے حرص اور کرپشن کی بنیاد پر حکومتیں چلائیں، احسن اقبال ایسی لیڈر شپ کی نمائندگی کررہے ہیں جو پارٹی کو بے یارو مددگار چھوڑ کر بیرون ملک چلی گئی،اپوزیشن کا مقصد ملک کی بہتری کی بجائے اپنے قائدین کو بچانا ہے،بلاول حکومت کو کرپٹ کہتے ہیں اور اپنا حساب نہیں دیتے،ہماری حکومت دراصل بھٹو کے روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے کو عملی جامعہ پہنا رہی ہے،ان سب کو اپنے گناہوں کا پتہ ہے ، احتساب کا دبائو محسوس کررہے ہیں،اپوزیشن کی پھیلائی گئی غیر یقینی صورتحال کے باوجود اہم ثابت قدم ہیں،بھاری قرضوں کے باوجود کورونا کی صورتحال میں پاکستان کی معیشت کئی ممالک سے بہتر ہے، پنشن ختم کرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر آنے والی خبریں بے بنیاد ہیں،پی ٹی وی انکوائری رپورٹ آئندہ جمعرات تک قائمہ کمیٹی میں پیش کر دی جائیگی، سینیٹر شبلی فراز کی میڈیا سے گفتگو

منگل 14 جولائی 2020 19:52

وزیراعظم عمران خان ایسا سینٹ الیکشن چاہتے ہیں جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2020ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایسا سینٹ الیکشن چاہتے ہیں جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے ،سرکاری اداروں کے سربراہوں کی تعیناتی ایک چیلنج ہے، تمام اداروں میں غیر قانونیت کا نظام دیکھنے میں آیاجس کی اصلاحات جاری ہیں، کئی سرکاری ادارے ہیں، جن کے لیے قابلیت کے حامل اہل لوگ نہیں ہیں، ماضی کے حکمرانوں نے حرص اور کرپشن کی بنیاد پر حکومتیں چلائیں، احسن اقبال ایسی لیڈر شپ کی نمائندگی کررہے ہیں جو پارٹی کو بے یارو مددگار چھوڑ کر بیرون ملک چلی گئی،اپوزیشن کا مقصد ملک کی بہتری کی بجائے اپنے قائدین کو بچانا ہے،بلاول حکومت کو کرپٹ کہتے ہیں اور اپنا حساب نہیں دیتے،ہماری حکومت دراصل بھٹو کے روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے کو عملی جامعہ پہنا رہی ہے،ان سب کو اپنے گناہوں کا پتہ ہے ، احتساب کا دبائو محسوس کررہے ہیں،اپوزیشن کی پھیلائی گئی غیر یقینی صورتحال کے باوجود اہم ثابت قدم ہیں،بھاری قرضوں کے باوجود کورونا کی صورتحال میں پاکستان کی معیشت کئی ممالک سے بہتر ہے،پنشن ختم کرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر آنے والی خبریں بے بنیاد ہیں،پی ٹی وی انکوائری رپورٹ آئندہ جمعرات تک قائمہ کمیٹی میں پیش کر دی جائیگی۔

(جاری ہے)

منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہاکہ کوئی بھی چیز اٹھا کر دیکھیں اس میں بے ضابطگیاں ملتی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اصلاحات آسان کام نہیں ، اس کے لیے وقت درکار ہوتا ہے،اداروں میں شفاف تعیناتیوں کا نظام بنایا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ نظام کو ٹھیک کرنا آسان نہیں ہوتا ،انتخابی اصلاحات کے ذریعے انتخابات کو شفاف بنانا چاہتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ سینیٹ کے انتخابات میں ووٹ خریدے اور بیچے جاتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ تمام اداروں میں غیرقانونیت کا نظام دیکھنے میں آیا جس کی اصلاحات جاری ہیں۔ شبلی فراز نے کہاکہ ماضی میں اداروں کی بہتری کے لیے کوئی کام نہیں کیا گیا تاہم اب وزیراعظم سینیٹ انتخابات میں شفافیت کے لیے پرعزم ہیں ۔ شبلی فراز نے کہاکہ انتخابی اصلاحات کے ذریعے شفاف انتخابات کرانا چاہتے ہیں ،ایسا الیکشن کرانا چاہتے ہیں جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے ۔

انہوںنے کہاکہ سینیٹ الیکشن میں دو صوبوں سے زیادہ سوالات اٹھتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم نے سفارتخانوں کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ ممالک میں قید پاکستانیوں کو قانونی معاونت فراہم کریں۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ تمام صوبے فوری فنانس کمیشن بنائیں۔ انہوںنے کہاکہ فنانس کمیشن سے صوبے کے ہر علاقے کو ایک فارمولے کے تحت مساوی وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

انہوںنے کہاکہ اپوزیشن ایسی صورتحال کا شکار ہے کہ ان کے پاس نہ کوئی ایجنڈا ہے نہ متبادل پروگرام ہے ،اپوزیشن نے ملک کو بے یقینی سے دوچار کرنے کی کوشش کی ہے،ان سب کو اپنے گناہوں کا پتہ ہے ، احتساب کا دبائو محسوس کررہے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان اب بدل گیا ہے، لوگوں نے ماضی کے پاکستان کو ذہن میں دفن کردیا ہے،ان لوگوں نے اپنی حکومتوں کو دھونس سے چلایا ،لوگوں کو یا خریدا یا راستے سے ہٹایا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ احسن اقبال قیادت کی نمائندگی کررہے ہیں انہون نے کبھی سوچا ان کے قائدین این آراو کرکے باہر محلوں میں چلے گئے ،احسن اقبال وہ درباری ہیں جن میں شرم نہیں ،یہ بھاگے ہوئے لیڈر کی نمائندگی کرتے ہیں جنہون نے جائیدادیں باہر بنائی ہوئی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کالا برتن کبھی خود کو کالا نہیں کہتا ۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان نے اپنی منی ٹریل دی اور قصہ ختم ہوگیا۔

انہوںنے نوازشریف پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جب بھی پارٹی پر سخت وقت آتا ہے تو یہ بھاگ کر لندن چلے جاتے ہیں۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ بلاول آج حکومت کو کرپٹ کہتے ہیں اور اپنا حساب نہیں دیتے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ بھٹو سے زرداری تک اور زرداری سے بلاول تک پیپلزپارٹی کا سفر ہے،انہوں نے لوگوں کو روٹی کپڑا مکان دینے کی بجائے سرے محل بنائے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان نے کرونا کا بہترین طور ہر مقابلہ کیا،ہماری نیک نیتی اور ثابت قدمی ہے کہ ملک میں کھانے کی کوئی قلت نہیں ہوئی،ہم نے سخت سے سخت حالات میں کرونا کے اچھے طریقے سے ڈیل کیا۔ وزیراطلاعات نے کاہکہ معیشت پر کرونا سے اثر ہوا جو نہیں ہونا چاہیے تھا لیکن اس میں ہماری کوئی غلطی نہیں ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ اس وقت عام حالات نہیں چیلنج کا وقت ہے ،پوری دنیا طلاطم سے گزر رہی ہے کاروبار اوپر نیچے ہیں ،ہمارے حالات اتنے برے نہیں جتنے برے ہوسکتے ہیں ،ادارے مفلوج ہیں ، معیشت مشکل میں ہے ،طلب اور رسد میں فرق سے چیزیں مہنگی ہوجاتی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ شوگر کمیشن کی رپورٹ کو عملی جامہ پہنایا جائے گا ،ہمارا تحقیقات کا اولین مقصد یہ تھا کہ عوام کو سستی چینی ملے ،چینی کی قیمت میں فرق ضرور آئے گا،ہم بھی چینی کھاتے ہیں ، کوشش ہے کہ سستی سے سستی چینی ملے۔انہوں نے کابینہ کے اجلاس سے متعلق بتایا کہ کابینہ کے 93 اجلاس ہوئے اور 1759 فیصلے کیے گئے، ان میں 1589 یعنی 90.3 فیصد پر عملدرآمد ہوچکا ہے۔

سینیٹر شبلی فراز نے بتایا کہ 46 فیصلوں پر کام ہورہا ہے جبکہ 28 تاخیر کا شکار ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہم نے پہلی مرتبہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے شعبے میں غریب لوگوں کے لیے سستے گھروں کا منصوبہ پیش کیا۔اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ حکومت نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں غیرمعمولی دلچسپی رکھتی ہے اور اسی لیے 5 مرلے کے مکان پر خریدار کو 3 لاکھ روپیکی چھوٹ ملے گی اور حکومت نے 30 ارب کی سبسڈی مختص کی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے نجی شعبے کی شراکت سے ہسپتالوں کی تعمیر کے منصوبے زیر غور ہیں۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ ماضی میں پنشن فنڈز پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، پنشن اور حج فنڈ کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کررہے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ کابینہ میں شمالی علاقہ جات میں درختوں کی کٹائی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ بیرون ملک11376 قید پاکستانیوں کی واپسی کیلئے متعلقہ سفارتخانوں کو ہدایات جاری کی گئیں۔

انہوںنے کہاکہ گیس کی قیمتوں اور کے الیکٹرک سے متعلق فیصلہ آئندہ کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ تمام صوبوں کو پرونشل فنانس کمیشن بنانے کی ہدایت کی گئی۔ انہوںنے کہاکہ جن صوبوں میں ہماری حکومت ہے وہاں پرونشل فنانس کمیشن کے معاملات اسدعمر دیکھیں گے۔ انہوںنے کہاکہ پرونشل فنانس کمیشن کے فعال ہونے سے صوبوں کے پسما ندہ علاقوں میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔

انہوںنے کہاکہ ۔ انہوںنے کہاکہ پنشن ختم کرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر آنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس قسم کی غلط خبروں کی روک تھام کیلئے سائبر کرائم اور پیمرا کے ذریعے اقدامات کر رہے ہیں،پی ٹی وی انکوائری رپورٹ آئندہ جمعرات تک قائمہ کمیٹی میں پیش کر دی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ ریڈیو پاکستان میں ہونے والے فراڈ کے ملازم سمیت اس کے سہولت کاروں کو بھی سزا ملے گی۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت اور اتحادی جماعتوں کے درمیان مضبوط روابط قائم ہیں،ہم محدود وسائل کے باوجود ملکی بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔