امریکہ اور چین کے مابین بحیرہ جنوبی چین کے معاملے پر کشیدگی شدت اختیار کر گئی

منگل 14 جولائی 2020 20:29

امریکہ اور چین کے مابین بحیرہ جنوبی چین کے معاملے پر کشیدگی شدت اختیار ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2020ء) امریکا اور چین کے مابین بحیرہ جنوبی چین کے معاملے پر کشیدگی شدت اختیار کر گئی ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بحیرہ جنوبی چین میں بیجنگ حکومت کی علاقائی سرپرستی قائم کرنے سے متعلق حالیہ اقدامات پر امریکی اعتراضات کو چین نے ’ناجائز‘ قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

واشنگٹن میں چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے اس بارے میں بیان کو ’غلط بیانی پر مبنی اور خطے میں قیام امن کی چینی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش‘ قرار دیا گیا ہے۔

چین نے ان معاملات میں امریکا کی دخل اندازی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ پومپیو نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکا چینی سرزمین کے علاوہ بحیرہ جنوبی چین میں ملکیت کے تمام تر دعووں کو ناجائز مانتا ہے۔