پی ایس ایل2020 کے ٹکٹس کی واپسی جاری

ٹکٹوں کی واپسی کا پہلا مرحلہ پانچ ،دوسرا چھ سے انتیس اگست تک جاری رہے گا

منگل 14 جولائی 2020 21:06

پی ایس ایل2020 کے ٹکٹس کی واپسی جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2020ء) پاکستان سپر لیگ2020 کے ٹکٹس کی واپسی شروع ہوگئی ہے اور لوگ شہری مقرر کردہ کورئیر سینٹر پر اصلی ٹکٹ دکھانے کے بعد اپنے پیسے وصول کر رہے ہیں۔کورونا وائرس کے باعث جو میچ نہیں ہو سکے تھے ان کے ٹکٹس خریدنے والوں کو رقم واپس کی جا رہی ہے۔ ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کے لئے کورونا ایس او پی پر عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔

ٹکٹوں کی واپسی کا پہلا مرحلہ پانچ اگست تک جاری رہے گا اور دوسرا مرحلہ چھ سے انتیس اگست تک جاری رہے گا۔ پہلا مرحلہ پیر کوشروع ہوا جس میں کورونا وائرس کی وجہ سے بغیر شائقین کے منعقد ہونے والے 5 میچز اور 29 فروری کو راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے نہ ہونے والے میچ کے ٹکٹ ری فنڈ کیے گئے۔ پہلے روز مجموعی طور پر 9 ہزار 181 ٹکٹ واپس ہوئے اور ان ٹکٹوں کی مجموعی قیمت ایک کروڑ 9 ہزار 50 روپے بنتی ہے۔

(جاری ہے)

دوسرے مرحلے میں ملتوی ہونے والے پلے آفس اور فائنل کے ٹکٹوں کو ری فنڈ کیا جائے گا۔ پی سی بی ملتوی ہونے والے میچز نومبر میں کرانے کا ارادہ رکھتا ہے اور ری شیڈول ہونے کی صورت میں ان میچز کے ٹکٹ از سر نو فروخت کیے جائیں گے۔ٹکٹوں کی واپسی کا یہ عمل ملک بھر کے 27 مختلف شہروں کے مخصوص کورئیر مراکز پر جاری ہے۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے علاوہ چکوال، حیدرآباد، وہاڑی، گجرانوالہ، بھکر، ڈیرہ غازی خان، سکھر، لودھراں اور وہاڑی میں نے ٹکٹس واپس کیے جا سکتے ہیں۔صارفین کو ٹکٹوں کے پیسوں کی واپسی کے لیے ایونٹ کے لیے خریدی گئی اپنی اصلی ٹکٹ ان مخصوص کورئیر مراکز میں جمع کرانا ہوگی۔