عمر رسیدہ امریکی نے 90 روز بعد کوروناکو شکست دیدی

منگل 14 جولائی 2020 21:33

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2020ء) امریکہ میں معمر شخص 90 دن تک زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست اوکلاہاما سے تعلق رکھنے والے 75 سالہ رسل اوئنز نامی شخص کو مارچ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہیں ہسپتال میں قرنطینہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

علاج کے دوران معمر شخص کی حالت بگڑی تو انہیں وینٹی لیٹر کر منتقل کردیا گیا تاکہ انہیں مصنوعی سانس فراہم کی جاسکے جبکہ اس کی اہلیہ بھی کورونا سے متاثر ہوکر وینٹی لیٹر پر چلی گئی تھی۔دونوں میاں بیوی عمر رسیدہ ہونے کے باعث کوما میں چلے گئے تھے اور ان کی بیٹیوں کو یہ فکر لاحق ہوگئی تھی کہ کہیں کوویڈ 19 ان کے سر سے والدین کا سایہ نہ چھین لے۔مذکورہ شخص کی بیوی کو وینٹی لیٹر پر منتقل ہونے کے ایک ہفتے بعد ہی زندگی کی بازی ہار گئی تھی تاہم 75 سالہ شخص نے 90 دن وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد وائرس کو شکست دیکر موت سے زندگی کی بازی جیت لی۔