صدر مملکت کی وفاقی محتسبین کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے ملک کے دور دراز علاقوں تک رسائی بڑھانے کی ہدایت

موجودہ قوانین میں ترمیم کرکے محتسب کے ادارے کو زیادہ موثر بنایا جائے،ایوان صدر میں وفاقی محتسبین کانفرنس سے خطاب

منگل 14 جولائی 2020 21:32

صدر مملکت کی وفاقی محتسبین کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے ملک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی محتسبین کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے ملک کے دور دراز علاقوں تک رسائی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ قوانین میں ترمیم کرکے محتسب کے ادارے کو زیادہ موثر بنایا جائے۔ منگل کو ایوان صدر میں وفاقی محتسبین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ محتسب کے ادارے اپنا ریکارڈ ڈیجیٹلائز کریں اور جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنائیں، سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے وفاقی محتسب کے کردار سے متعلق آگاہی کیلئے میڈیا مہم چلائی جائے۔

صدر مملکت نے کہا کہ عام آدمی کی شکایات کے ازالے، سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے موجودہ قوانین میں ترمیم کرکے محتسب کے ادارے کو زیادہ موثر بنایا جائے، وفاقی محتسب انتظامی ناانصافی کے خلاف لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفاقی محتسبین کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے ملک کے دور دراز علاقوں تک رسائی بڑھانے کی ہدایت کی۔

صدر مملکت نے سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے وفاقی محتسب کے کردارسے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے میڈیا مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ اچھے نظم و نسق اور سستے اور فوری انصاف کی فراہمی میں مدد کیلئے محتسب اپنا ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرے اور جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنائے۔ وفاقی محتسب سیّد طاہر شہباز نے اپنے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں جامع پریزنٹیشن دی۔

انہوں نے کانفرنس کو بتایا کہ وفاقی محتسب نے 2019ء کے دوران75,000 شکایات نمٹائیں جبکہ 97 فیصد فیصلوں پر عملدرآمد ہو چکا ہے۔ فیڈرل ٹیکس محتسب مشتاق احمد سکھیرا نے کانفرنس کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ان کے ادارے نے 2019ء کے دوران3,171 میں سی2,633 مقدمات نمٹائے ہیں۔ وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کشمالہ طارق نے کانفرنس کو خواتین کے حقوق کے تحفظ سے متعلق ادارے کے کردار سے آگاہ کیا۔

انہوں نے موجودہ قانون ’’کام کی جگہ پرخواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف تحفظ‘‘ ایکٹ 2010ء میں ترمیم کی تجویز پیش کی تاکہ خواتین کے حقوق کو زیادہ موثر طریقے سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ بینکنگ محتسب محمد خرم شہزاد نے بتایاکہ ادارے نے 2019ء میں 15,639 کیسز میں سے 10,324 نمٹائے ہیں۔ فیڈرل انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے کانفرنس کے شرکاء کو اپنے ادارے کی جانب سے 2019 کے دوران کئے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا۔جلد انصاف کی فراہمی میں محتسب کے کردار اور شراکت کی تعریف کرتے ہوئے صدر مملکت نے انہیں مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ انتظامی ناانصافیوں کے خلاف عوام کی مدد کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔