پاکستان کی آذربائیجان کے ضلع توزو پر آرمینیائی فوج کے حملے کی شدید مذمت

اسرائیل کے بعد آرمینیا ایسا ملک ہے جسے پاکستان تسلیم نہیں کرتا‘اسلام آباد ہمیشہ باکو کے موقف کی حمایت کرتا آیا ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 14 جولائی 2020 21:17

پاکستان کی آذربائیجان کے ضلع توزو پر آرمینیائی فوج کے حملے کی شدید ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 جولائی ۔2020ء) پاکستان نے آذربائیجان کے ضلع توزو پر آرمینیائی فوج کے حملے کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد شہری ہلاک ہوئے‘ترجمان دفتر خارجہ نے 12 جولائی کو آذربائیجان کے ضلع توزو پر آرمینیائی فوج کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں ہلاک شدگان کے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کی. ترجمان نے کہا کہ ناگورنو۔

کاراباخ کا حل طلب تنازع دور رس نتائج کے ساتھ علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے انہوں نے کہا کہ آرمینیا کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیز کارروائی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ناگورنو۔کاراباخ تنازع کی غرض سے جاری مذاکراتی عمل کو روکنے اور بین الاقوامی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوششوں کا مظہر ہے. ترجمان کا کہناہے کہ پاکستان، ناگورنو۔

(جاری ہے)

کاراباخ تنازع پر اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور جمہوریہ آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہے. واضح رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا دونوں سابقہ سویت یونین کی ریاستیں تھیں سوویت یونین کے ختم ہونے کے بعد گزشتہ 30 سال سے ناگورنو۔کاراباخ کے علاقے پر دونوں ممالک میں تنازع پایا جاتا اور دونوں ملکوں کے درمیان اس معاملے پر 90 کی دہائی میں جنگ بھی ہوچکی ہے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان سرحدی علاقوں میں جھڑپیں بھی ہوتی رہتی ہیں. یادرہے کہ اسرائیل کے علاوہ آرمینیا ایسا ملک ہے جسے پاکستان تسلیم نہیں کرتا اور پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو آرمینیا کو تسلیم نہیں کرتااور دونوں ملکوں کے درمیان کوئی سفارتی تعلقات نہیں ہیں ‘اسلام آباد آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان تنازع میںتمام عالمی فورمزپر ہمیشہ ”باکو“کی حمایت کرتا آیا ہے. پاکستان ناگورنوپر آرمینیا کے قبضے کو بھی غاصبانہ قراردیتا آیا ہے آرمینیا نے مغربی طاقتوں کی شہ پر ناگورنوسمیت آذربائیجان کے بعض تسلیم شدہ علاقوں پر فوج کشی کرکے قبضہ کرلیا تھا 90کی دہائی سے دونوں ملکوں کے درمیان یہ تنازع چلاآرہا ہے جس پر اکثر سرحدی جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں‘پاکستان دنیا کے چند ممالک میں سے ہے جو آذربائیجان کے موقف کی کھل کر حمایت کرتا ہے.