Live Updates

اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں کمی کیلئے سمری تیار کر لی

سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے ٹیرف میں کمی کی تجویز، کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا جسے مسترد کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 14 جولائی 2020 22:30

اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں کمی کیلئے سمری تیار کر لی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جولائی2020ء) اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں کمی کیلئے سمری تیار کر لی، سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے ٹیرف میں کمی کی تجویز، کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا جسے مسترد کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مہنگائی سے پریشان عوام کو خوشخبری سنائی گئی ہے۔ پٹرولیم اور گیس مصنوعات کی قیمتیں ریگولیٹ کرنے والے ادارے اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں کمی کیلئے سمری تیار کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اوگرا نے سوئی ناردرن اور سوئی سدرن دونوں کے ٹیرف میں کمی تجویز کی ہے۔ کمپنیوں کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی گئی تھی، جسے اوگرا نے مسترد کر کے عالمی مارکیٹ میں گرتی قیمتوں کی وجہ سے ملک میں بھی قیمتوں میں کمی کیلئے سمری تیار کر لی۔

(جاری ہے)

ایس این جی پی ایل کے ٹیرف میں 6 فیصد اور ایس ایس جی سی کے ٹیرف میں 2 فیصد کی کمی کر دی ہے۔

ایس این جی پی ایل نے موجودہ ٹیرف 664 روپے 25 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو کے برعکس 1287 روپے 19 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اوگرا نے اسکا ٹیرف 623 روپے 31 پیسے مقرر کرنے کی منظوری دی جو کہ کمپنی کی طرف سے مطالبہ کئے جانے والے ٹیرف سے 106.5 فیصد اور موجودہ قیمت سے 6 فیصد کم ہے جبکہ ایس ایس جی سی نے اپنے موجودہ ٹیرف 796 روپے 18 پیسے کے مقابلے میں 881 روپے 53 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست کی تھی لیکن اوگرا نے اسے موجودہ مالی سال کے لئے 750 روپے 18 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ٹیرف کی اجازت دی ہے جو کہ کمپنی کی طرف سے مطالبہ کئے جانے والے ٹیرف سے 17.4 فیصد اور موجودہ قیمت سے 2 فیصد کم ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد سے گیس کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اب اگر گیس کی قیمتوں میں کمی ہوتی ہے، تو اس حکومت میں یہ پہلا موقع ہو گا جب قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات