شہرکے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کا فقدان ، گندگی کے ڈھیر جمع ہو گئے

منگل 14 جولائی 2020 22:35

سکھر۔ 14جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2020ء) شہرکے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کا فقدان ، گندگی کے ڈھیر جمع ہو گئے، شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی نہ ہونے کی وجہ سے شہر کے تجارتی و کاروباری مراکز کے بعد شہر کے رہائشی علاقے بھی گندگی کے ڈھیر کا منظر پیش کر رہے ہیں، گندگی سے اٹھنے والے تعفن کی وجہ سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ حد سے بڑھ گیا ہے شہری حلقوں سمیت شہریوں نے سکھر انتظامیہ کی کارکردگی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے سکھر میونسپل عملہ افسران کے بنگلوں تک ہی محدود ہو کر رہ گیا ہے ، عملے کی شہر میں غیر موجودگی کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر جمع ہوگئے ہیں جبکہ شہر کے بیشتر رہائشی و تجارتی مراکز میں ڈرینج سسٹم ناکارہ ہوجانے کی وجہ سے نالیوں اور گٹروں کا گندہ پانی بھی جمع ہونا روز کا معمول بنتا جارہا ہے سکھر کے شہری حلقوں سمیت علاقہ مکینوں نے وزیر اعلی سندھ،صوبائی وزیر بلدیات سمیت مئیر سکھر و دیگر متعلقہ اداروں کے بالا حکام سے نوٹس لیکر شہریوں کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات فراہمی کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔