کرونا وائرس کے دوران ختم ہوجانے والے فیملی وزٹ ویزے میں توسیع خود کار نظام کے تحت ہوگی: سعودی محکمہ پاسپورٹ

نیشنل انفارمیشن سینٹر کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے ایسے تمام غیرملکیوں کا وزٹ ویزا خود کار نظام کے تحت بڑھا دیا جائے گا جو سفری پابندیوں کے دوران ختم ہوگیا ہو

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 15 جولائی 2020 00:05

کرونا وائرس کے دوران ختم ہوجانے والے فیملی وزٹ ویزے میں توسیع خود کار ..
ریاض (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14جولائی 2020ء) : سعودی عرب میں کرونا وائرس کے دوران ختم ہوجانے والے فیملی وزٹ ویزے میں توسیع خود کار نظام کے تحت ہوگی ، سعودی محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نیشنل انفارمیشن سینٹر کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے ایسے تمام غیرملکیوں کا وزٹ ویزا خود کار نظام کے تحت بڑھا دیا جائے گا جو سفری پابندیوں کے دوران ختم ہوگیا ہو ۔

محکمہ پاسپورٹ نے یہ وضاحتی بیان ٹوئٹر پرغیرملکیوں کی جانب سے اس حوالے سے کیے جانے والے سوالات کے جواب میں جاری کیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا تھا کہ شاہی فرمان کے مطابق تمام تارکین وطن کے اقاموں میں جنہیں شاہی فرمان کے ذریعے جرمانوں اور فیس سے استثنیٰ دیا گیا ہے خود کار نظام کے تحت جلد توسیع کردی جائے گی ۔

(جاری ہے)

بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے ان کے ورک پرمٹس میں توسیع کردی ہے ۔ محکمہ پاسپورٹ کا کہنا تھا کہ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے ان کے ورک پرمٹس میں بھی توسیع کردی ہے ۔ الاخباریہ چینل اور سبق کے مطابق میجر جنرل سلیمان الیحیی نے بتایا کہ جو لوگ خروج و عودۃ (ایگزٹ ری انٹری) ہولڈر ہیں ، ان کا اقامہ موثر ہے اور وہ بین الاقوامی پروازوں پر پابندی کی وجہ سے سعودی عرب واپس نہیں آ سکے ، ان پر کوئی جرمانہ ہوگا اور نہ ہی ان سے کوئی فیس وصول کی جائے گی۔

یاد رہے کہ سعودی عرب میں وزٹ ویزوں کی دو اقسام ہیں جن میں فیملی وزٹ اور بزنس وزٹ ویزے شامل ہیں۔ فیملی وزٹ سے مراد اہل خانہ ہیں جن میں اہلیہ ، بچے، والدین اور اہلیہ کی والدہ شامل ہیں جبکہ بزنس وزٹ میں کاروباری تجارتی افراد کے لیے عارضی بنیاد پر وزٹ ویزوں کا اجرا کیا جاتا ہے۔