برازیل میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 42 ہزار کے قریب نئے کیسز سامنے آ گئے

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر بدھ 15 جولائی 2020 04:16

برازیل میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری
برازیلیہ (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جولائی 2020ء) برازیل میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 42 ہزار کے قریب نئے کیسز سامنے آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کی حکومتوں کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے وہاں عام آدمی کے معمولات زندگی بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اس وقت کورونا وائرس کی وباء کے باعث دنیا بھر کے ممالک کو تقریباََ ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے جبکہ سپر پاور امریکہ جیسا ملک بھی اس وباء کے آگے بے بس ہے۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھی امریکہ ہے جہاں وائرس کی تباہ کاریاں باقی ممالک کے لیے عبرت کا نشان بنی ہوئی ہیں۔ امریکہ کے بعد مہلک وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک برازیل ہے جہاں انفیکشن کی یومیہ تعداد اپنی ریکارڈ سطح کو پہنچ چکی ہے۔

(جاری ہے)

تازہ اعداد و شمار کے مطابق برازیل میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 41 ہزار 857 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 19 لاکھ 26 ہزار 824 ہو گئی ہے۔

 
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق برازیل کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے باعث 1300 افراد لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 74 ہزار 133 کی سطح کو پہنچ گئی ہے۔ واضح رہے کہ برازیل کورونا وائرس سے امریکہ کے بعد سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ برازیل میں کورونا کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چند روز قبل برازیلین صدر جیئر بولسونارو بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے۔