پنجاب، فیشن ایبل داڑھی رکھنے والوں کو سزا دینے کا مطالبہ

داڑھی مبارک خاتم النبیین حضرت محمدﷺ کی سنت ہے اس پر کسی قسم کی ڈیزائننگ گناہ ہے۔رکن پنجاب اسمبلی رخسانہ کوثر نے پنجاب اسمبلی میں داڑھی کی ڈیزائننگ کے حوالے سے قرارداد جمع کرودی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 15 جولائی 2020 13:58

پنجاب، فیشن ایبل داڑھی رکھنے والوں کو سزا دینے کا مطالبہ
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-15جولائی2020ء) رکن پنجاب اسمبلی رخسانہ کوثر کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں داڑھی کی ڈیزائننگ کے حوالے سے قرارداد جمع کروائی گئی ہیں۔رکن پنجاب اسمبلی رخسانہ کوثر کی جانب سے جمع کروائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ قانون سازی کر کے داڑھی مبارک کی ڈیزائننگ کروانے والوں اور متعلقہ حکام کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔

ایم پی اے رخسانہ کوثر کا کہنا تھا کہ داڑھی مبارک خاتم النبیین حضرت محمدﷺ کی سنت ہے اس پر کسی قسم کی ڈیزائننگ وغیرہ کا گناہ ہے۔اس کے علاوہ قرارداد کے متن میں بیان کیا گیا ہے کہ داڑھی کے ڈیزائن کرنا سنت مبارکہ کی توہین ہے جو لوگ ڈیزائننگ کرواتے ہیں وہ گناہ کے مرتکب ہوتے ہیں۔قبل ازیں مظفر آباد میں دارالحکومت کی مذہبی تنظیموں اور شہریوں نے سنت رسول کے ساتھ مذاق کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتظامیہ فی الفور داڑھی کے نت نئے ڈیزائن بنانے پر پابندی عائد کرے۔

(جاری ہے)

اسوقت داڑھی کے ساتھ کھلے عام مذاق کیا جا رہا ہے اورعجیب وغیریب ڈیزائن بنائے جا رہے ہیں جس سے سنت رسول کے ساتھ ایک مذاق ہو رہا ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا تھا کہ جس طرح ہزارہ ڈویثرن میں داڑھی کے ڈیزائن بنانے پر پابندی عائد کی گئی ہے اسی طرح آزادکشمیر میں اس پر پابندی عائد کی جائے تاکہ سنت رسول کے ساتھ مذاق ختم ہوسکے۔اس مقصد کے لیے تمام باربرز کو پابند کیا جائے کہ وہ داڑھی کے ڈیزئن بنانے سے باز رہیں۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کی تحصیل چارسدہ کے علاقے شب قدر کی پولیس نے مقامی تاجیوں کی جانب سے داڑھی کا اسٹائل بنانے کو غیر اسلامی قرار دے کر اس پر غیر سرکاری پابندی عائد کیے جانے کے بعد کئی نائی کو صارفین کے اسٹائل والی داڑھی بنانے پر گرفتار کیا تھا۔ شاپ کیپرز یونین کے صدر سمین کو پولیس کو نائی کی گرفتاری میں مدد کرتے دیکھا گیا۔

مذکورہ شخص نے نائی سے سوال کیا کہ وہ اپنے صارفین کی داڑھی پابندی کے باوجود داڑھی کیوں بنارہے ہیں۔سمین کے مطابق چند روز قبل یونین نے داڑھی پر ڈیزائن بنانے پر پابندی عائد کی تھی اور تمام نائیوں کو کو اس بارے میں مطلع کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے فیصلے کے باوجود چند دکان مالکان داڑھیوں کو اسٹائل میں کاٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونین کی شکایت پر پولیس نے متعدد نائی کی دکانوں سے 4 ملازمین کو گرفتار کرلیا۔