بھارت میں کورونا کے کیس سامنے آنے سے دوبارہ لاک ڈاﺅن

وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ سے تجاوز کر گئی‘3دن میں ایک لاکھ کیسوں کا اضافہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 15 جولائی 2020 21:55

بھارت میں کورونا کے کیس سامنے آنے سے دوبارہ لاک ڈاﺅن
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 جولائی ۔2020ء) بھارتی حکومت نے متعدد ریاستوں میں کورونا وائرس کے کیسز منظر عام پر آنے کے بعد وہاں دوبارہ جزوی لاک ڈاﺅن لگا دیا ہے واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور تشویش ناک بات اس وقت سامنے آئی جب 3 دن میں ایک لاکھ افراد وائرس سے متاثر ہوئے.

(جاری ہے)

غیرملکی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارت بھی ان ممالک کے فہرست میں شامل ہوگیا جہاں کے شہروں میں دوبارہ لاک ڈاﺅن لگایا جارہا ہے خیال رہے کہ دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے بھارتی حکام کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 36 ہزار ہوچکی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 30 ہزار نئے کیسز منظر عام پر آچکے ہیں.

بھارت کے شہر بنگلور کی آبادی ایک کروڑ 30 لاکھ ہے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر بنگلور میں سات روز کے لیے لاک ڈاﺅن کیا گیا ہے‘بنگلور میں حکام نے دفاتر میں محدود لوگوں کے ساتھ کام کرنے اور ٹرانسپورٹ بند کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ صرف اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلی رکھنے کی اجازت ہے. ریاست بہار کی آبادی 12 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ہے اور یہ بھارت کی ان ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں غربت بہت زیادہ ہے بہار میں جمعرات سے 15 دن کے لیے لاک ڈاﺅن نافذ کیا جائے گا‘اس کے علاوہ اترپردیش، تامل ناڈو اور آسام میں بھی کورونا کا پھیلاﺅ روکنے کے لیے مختلف پابندیاں عائد کی گئی ہیں.

فراہم کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت ان تین ممالک میں شامل ہوگیا جہاں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے اور برازیل اور امریکا کو پیچھے چھوڑ دیا بھارت کے وزارت صحت نے زور دیا کہ وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد تصدیق شدہ فعال کیسز کے مقابلے مٰیں زیادہ ہے. انہوں نے بتایا کہ دو تھائی متاثرہ مریض صحت یاب ہو کر ہسپتال سے جا چکے ہیں کرسچن میڈیکل کالج کے وابستہ طبی ماہر پرکاش ملیئل نے خبردار کیا کہ دیہی علاقوں میں اموات کی اطلاع فراہم کرنے کا میکانزم نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں اصل اموات کہیں زیادہ ہوسکتی ہیں‘انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس بنیادی ڈھانچہ نہیں ہے.

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے بھارت میں 24 ہزار افراد جبکہ دنیا بھر میں ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں ماہرین نے بتایا کہ بھارت کے مختلف حصوں میں متعدد مرتبہ کورونا وائرس کی لہر جنم لے گی بھارت کے جنوبی شہر بنگلور وائرس سے شدید متاثر ہوا ہے جس کے بعد حکام نے گزشتہ روز شامل 8 بجے سے 7 دن کے لیے لاک ڈاﺅن لگا دیا ہے. بنگلور میں ہنگامی صورتحال کے علاوہ نقل و حمل پر پابندی ہے اور صرف ضروری سامان فروخت کرنے والی دکانوں کو ہی کھولنے کی اجازت ہے دوسری بھارت کی غریب ترین ریاست بہار میں جمعرات سے لاک ڈاﺅن شروع ہوجائے گا جو 15 روز تک جاری رہے گایاد رہے کہ بھارت نے وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کے لیے 10 مارچ سے دنیا کا سب سے سخت‘ لاک ڈﺅن نافذ کیا تھا جس میں معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مرحلہ وار نرمی کی گئی.

ماہر وبائیات نے بھی خبردار کیا تھا کہ بھارت میں کورونا کا عروج آئندہ ہفتوں یا مہینوں میں سامنے آسکتا ہے جس کی وجہ سے ملک کا نظامِ صحت جو پہلے ہی خاصہ بوجھ برداشت کررہا ہے مزید دباﺅ میں آجائے گا.