امارات میں مقیم دردِ دل رکھنے والے پاکستانیوں نے شاندار کام کر دکھایا

شارجہ سے کراچی جانے والی پروازمکمل طور پر بُک کروا لی،آج صبح 140 مجبور پاکستانیوں کواپنے خرچے پر وطن واپس بھجوا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 16 جولائی 2020 16:47

امارات میں مقیم دردِ دل رکھنے والے پاکستانیوں نے شاندار کام کر دکھایا
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جولائی 2020ء) یہ دُنیا ابھی رحم ، ہمدردی اورمہربانی کے جذبات سے خالی نہیں ہوئی۔ پاکستانی قوم کا شمار بھی ایسی قوموں میں ہوتا ہے جو نیکی اور خیرات کے کاموں میں پیش پیش ہوتی ہیں۔ امارات میں مقیم مخیر پاکستانیوں کے ایک گروپ نے ایسا شاندار کام کر دکھایا ہے جس نے امارات میں مقیم تمام افراد کو حیران کر دیا ہے اور وہ پاکستانیوں کی رحم دلی کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

گلف نیوز کے مطابق انسانیت کا درد رکھنے والے ان پاکستانیوں نے آج صبح شارجہ سے کراچی روانہ ہونے والی پرواز کی تمام تر ٹکٹس ان حالات کے مارے مجبور پاکستانیوں کے لیے خرید لیں جو امارات میں پھنس کر رہ گئے تھے اور ان کے پاس واپسی کی ٹکٹ خریدنا تو دُور ایک وقت کی روٹی کی رقم بھی موجود نہ تھی۔

(جاری ہے)

یہ مجبور 140 پاکستانی سیرینے ایئر کی پرواز کے ذریعے آج صبح شارجہ سے کراچی واپس پہنچ گئے۔

اس پرواز سے جانے والے تمام پاکستانی مسافروں کی ٹکٹس کا خرچہ امارات میں مقیم چند نیک دل پاکستانیوں نے اپنی جیب سے ادا کیا۔ نیکی کا اتنا بڑا کام کرنے والے ایک پاکستانی رضاکارنے اپنا نام ظاہر کیے بغیر بتایا کہ یہ فی الحال پہلی چارٹرڈ فلائٹ ہے جس کے ذریعے ان غریب پاکستانیوں کی ٹکٹس کی رقم ادا کر کے واپس بھجوایا گیا ہے جو وزٹ ویزوں پر ملازمت کی تلاش میں امارات آئے تھے، مگر حالات کی خرابی کے باعث یہیں پھنس کر رہ گئے، یہاں تک کہ ان کے پاس سر چھُپانے کو مکان کی چھت بھی میسر نہ تھی ، سو ٹکٹ خریدنا ان کے لیے بہت بڑا مسئلہ بن گیا تھا۔

اس پاکستانی رضاکار کا مزید کہنا تھا کہ اپنے مجبور پاکستانی بھائیوں کی مدد کرنے پر وہ اور دیگر افراد اپنے نام کی نمائش نہیں کرنا چاہتے، انہوں نے یہ کام صرف ضرورت مند اور مجبور افراد کی بھلائی کے جذبے کے تحت کیا ہے۔ ان مخیر اور انسان دوست پاکستانیوں کی جانب سے اب تک 400 پریشان حال پاکستانیوں کو ٹکٹس خرید کر دی جا چکی ہیں۔ ایک اور پاکستانی رضاکار کا کہنا تھا ”شروع میں میں پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے لوگوں کو وطن واپس بھجواتے رہے۔

مگر پی آئی اے کی ٹکٹس بہت مہنگی پڑ رہی تھیں جو 12 سو درہم سے 1650 درہم میں دستیاب ہیں۔ اسی وجہ سے ہم نے ایک پوری فلائٹ ہی چارٹر کروانے کا فیصلہ کیا ، جو کہ ہمیں کم قیمت میں دستیاب ہو گئی ۔ ہم نے شارجہ سے کراچی کے لیے پوری فلائٹ 1 لاکھ 30 ہزار درہم میں بُک کروائی، اس صورت میں ہمیں فی ٹکٹ صرف 1,050 درہم میں دستیاب ہو گئی۔ ہمیں خوشی ہے کہ اس خصوصی پرواز کی بکنگ کروانے پر زیادہ سے زیادہ لوگوں کی وطن واپسی ممکن ہو گئی۔

“ پاکستانی بھائیوں کی واپسی کا اپنی جیب سے بندوبست کرنے والے یہ نیک دل پاکستانی امارات کے مختلف اداروں میں ملازمت کر رہے ہیں۔ جب انہوں نے سوشل میڈیا پر بے گھر اور مفلس پاکستانیوں کو سڑکوں کے کنارے سوتے دیکھا کہ فوری طور پر ان کی مدد کرنے کے لیے منظم ہو کر مدد کو تیار ہو گئے۔ مخیر پاکستانیوں کے اس گروپ نے پریشان حال پاکستانیوں کے پاس جا کر ان سے ملاقاتیں کیں اور ان کی وطن واپسی کے لیے منصوبہ تیا ر کیا۔

انہوں نے کچھ رقم اپنی جیب سے اکٹھی کی اور پھر صاحب حیثیت پاکستانی بزنس مینوں سے بھی رابطہ کر کے انہیں نیکی کے اس کام میں مالی حصہ ڈالنے کی ترغیب دی۔ جب تک ان پاکستانیوں کی واپسی کا بندوبست نہیں ہو گیا، انہیں کھانا بھی فراہم کیا گیا۔ جن افراد کو خصوصی پرواز کے ذریعے واپس بھجوانے کا بندوبست کیا گیا، ان کی سفری دستاویزات اور قانونی مسائل حل کرنے کے لیے پاکستانی قونصل جنرل نے بھی بھرپور مدد کی۔

جن افراد کو آج کی پرواز کے ذریعے کراچی بھجوایا گیا ہے انہیں پاکستان میں اپنے آبائی علاقوں تک جانے کے لیے بھی سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے پاکستانی رضاکاروں نے کمشنر کراچی افتخار شلوانی سے رابطہ کیا جو ان افراد کو ان کے شہروں میں بھجوانے کا بندوبست کر رہے ہیں۔