اسٹاک ایکس چینج حملہ ناکام بنانے والے بہادر جوان قومی ہیرو ہیں، عمر ریحان

ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب پزیرائی سے صدر کاٹی کا خطاب

جمعرات 16 جولائی 2020 22:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2020ء) دہشت گردی پر قابو پانے اور جڑ سے اکھاڑنے میں سیکیورٹی فورسز کا کردار قابل تحسین ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ دنیا میں پاکستان کے ابھرتے امیج اور معیشت کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش تھی۔ان خیالات کا اظہار کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر شیخ عمر ریحان نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے والے ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکاروں کے اعزاز میں گزشتہ روز منعقدہ تقریب سے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی آر ایف ایف ضیاء بلوچ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔شیخ عمر ریحان نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی مسلح افواج، رینجرز،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پر فخر ہے جو وطن عزیز کی حفاظت کے لئے ہمہ تن تیار اور چاک و چابند ہیں، قوم کے ان سپوتوں کے ہوتے ہوئے کوئی بھی وطن عزیز کا بال بیکا نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آر ایف ایف کے جوانوں کے کارنامے سے بزنس کمیونٹی اعتماد کی فضاء میں اضافہ ہوا ہے اور بین الاقوامی سطح پر بھی اس کے مثبت اثرات نمودار ہوں گے، جبکہ پولیس اور عوام کے درمیان باہمی تعاون کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

شیخ عمر ریحان نے کہا کہ سپاہی محمد رفیق اور سپاہی خلیل اصل زندگی کے ہیروہیں اور پاکستانی قوم ان دونوں جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے۔اس موقع پر صدر کاٹی نے آر ایف ایف کے دونوں جوانوں کو نقد انعام سے بھی نوازا۔اس موقع پر ڈی آئی جی آر ایف ایف ضیاء بلوچ نے کہا کہ کراچی اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملہ کا مقصد پاکستان کو نا قابل تلافی نقصان پہنچانا تھا لیکن ہمارے بہادر جوانوں نے دشمن کے تمام عزائم ناکام بنا دیئے، ان جوانوں نے دہشت گردی کے منصوبہ کو چند منٹوں کے اندر ملیا میٹ کر دیا۔

ضیاء بلوچ نے کہا کہ پولیس کی بہترین تربیت کی جارہی ہے اورآر ایف ایف کو داخلی سلامتی سے متعلق خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے خاص تربیت دی جا رہی ہے جو عمومی ٹریننگ سے بہت مختلف اور زیادہ سخت ہے۔ یہ فورس بوقت ضرورت فوری رسپانس دیتی ہے اوراسٹاک ایکسینج پر حالیہ حملہ کے خلاف اس فورس کا رد عمل اس کی بہترین تربیت کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایف ایف نے ملکی سلامتی کو درپیش داخلی خطرات کے خلاف فرنٹ لائن فورس کاکردار ادا کیا ہے جس پر ہم سب کو فخر ہے ۔