عمران خان کے خلاف نہیں ہوں،حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے

پاک فوج بطور ادارہ ہم سب کیلئے قابل احترام ہے، اس محترم ادارے کے خلاف کوئی بات نہیں کی، سیاستدان بنانے والی فیکٹریاں بند ہونی چاہیئں: جاوید ہاشمی

جمعرات 16 جولائی 2020 20:15

عمران خان کے خلاف نہیں ہوں،حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے
جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2020ء) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ پاک فوج بطور ادارہ ہم سب کیلئے قابل احترام ہے میں نے اس محترم ادارے کے خلاف کوئی بات نہیں کی،مقدمات سے نہیں گھبراتا یہ ملک ایک بڑی جیل جبکہ پولیس کی جیل ایک چھوٹی جیل ہے ،سیاستدان بنانے والی فیکٹریاں بند ہونی چاہیئں،میں عمران خان کے خلاف نہیں ہوں،حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جہانیاں پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر عمرا حمد سلیمانی اور چوہدری خلیل گھمن سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج بطور ادارہ ہم سب کیلئے قابل احترام ہے جو باتیں میں نے اپنی پریس کانفرس میں کہی ہیں اس سے قبل یہ باتیں موجودہ وزیر اعظم عمران خان بھی بھارت میں بیٹھ کرچکے ہیں ،اسے وزیر اعظم بنا دیا گیا جبکہ میرے لیے بغاوت کے مقدمات کھڑے کیے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو میں نے کہا وہی باتیں کرکے اگر عمران خان وزیر اعظم بن سکتا ہے تو میں نے کیا غلط کہا تھا پھر مجھے بھی وزیر اعظم بنایا جانا چاہیے ۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ بغاوت کے مقدمات اس کیلئے نئی بات نہیں ہیں ضیاء الحق اور مشرف دور سے لے کر اب تک اس پر بغاوت کے درجنوں مقدمات بن چکے ہیں ،میں مقدمات سے گھبرانے والا نہیں ہوں ،اس وقت پورا ملک ایک بڑی جیل میں تبدیل ہو چکا ہے میں اگر گرفتار بھی ہوتا ہوں تو خوشی کی بات ہو گی کہ ایک بڑی جیل سے چھوٹی جیل میں چلا جائوں گا،مجھے جیل میں سہولتوں کی بھی ضرورت نہیں ہے نہ ہی مجھے جیل میں کبھی سہولتیں مہیا کی گئی ہیں،میں جب بھی پابند سلاسل رہا مجھے نہ اے سی دیا جاتا تھا اور نہ ہی کھانے کو دیا جاتا تھا مجھ پر جیلوں میں تشدد بھی ہوتا رہا ہے ۔

مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ موجودہ حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے ،پارلیمنٹ کو جاری رہنا چاہیے بس ملک میں سیاستدان بنانے والی فیکٹریاں بند ہونی چاہیئں۔