نجی تعلیمی ادارے 15ستمبر سے ہر صورت کھول دیں گے، فواد چودھری

وفاقی وزیر سے سکول ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات، کورونا سے متعلق حفاظتی سامان رعایتی قیمتوں پرمہیا کیا جائے، وفد کا مطالبہ، نجی اسکولوں کی کارکردگی سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وفد سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 16 جولائی 2020 20:36

نجی تعلیمی ادارے 15ستمبر سے ہر صورت کھول دیں گے، فواد چودھری
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16جولائی 2020ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد حسین چودھری نے کہا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کو 15ستمبر سے ہر صورت کھول دیں گے، نجی اسکولوں کی کارکردگی اور کردار سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد حسین چودھری سے آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔

13رکنی وفد کی قیادت ڈویژنل پریذیڈنٹ ابرار احمد نے کی۔ وفد نے اسکولوں کو کھولنے کے حوالے سے 14 نکاتی ایجنڈے پربات چیت کی۔ وفد نے فواد چودھری سے نجی اداروں کو ایس اوپیزکے ساتھ کھولنے کی درخواست کی۔ ابرار احمد نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کی مالی مدد نہ کی گئی تو 80 فیصد ادارے بند ہونے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

وفد نے مطالبہ کیا کہ کورونا سے متعلق حفاظتی سامان رعایتی قیمتوں پرمہیا کیا جائے۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ نجی اسکولوں کی کارکردگی اور کردار سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ فواد چودھری نے یقین دہانی کروائی کہ نجی تعلیمی اداروں کو 15ستمبر سے ہر صورت کھولا جائے گا۔ واضح رہے وفاقی حکومت نے 15جولائی سے سکولوں کے ایڈمن آفس کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ جس کے تحت سکولوں میں اساتذہ اور طلباء کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

15 ستمبر کو سکول کھولنے کیلئے اگست کے پہلے اور آخری ہفتے میں کورونا صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائےگا۔ پنجاب کیبنٹ کمیٹی برائے کورونا اینڈ ڈینگی کنٹرول کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکولوں کے ایڈمن آفس کھولنے اور انتظامی عملے کو آنے کی اجازت دی جارہی ہے تاہم طلبہ اوراساتذہ کو سکولوں میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اجلاس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق سکول کھولنے سے پہلے محکمہ تعلیم سکولز ایس او پیز پر مکمل گائیڈ لائن جاری کرے گا۔ سکولوں کو دو شفٹوں میں چلانے پر غورکیا جارہا ہے اورہرشفٹ میں ڈھائی گھنٹے کی کلاسز ہوں گی۔ سکولوں میں ہینڈ واش، ماسک اوردیگر ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جا ئیں گے۔ دوسری جانب وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے بھی 15ستمبر کو نجی و سرکاری سکول کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد اور پھیلاؤ کا یومیہ اور ہفتہ وار جائزہ لیا جارہا ہے۔ اگر کورونا کی صورتحال بہتر اور سازگار ماحول ہوا تو سخت ایس اوپیز کے تحت 15 ستمبر سے سکول کھول دیں گے۔