لاہور میں تعمیر کئے جانیوالے اپارٹمنٹس کی گرائونڈ بریکنگ وزیراعظم عمران خان سے کروائی جائے گی،صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید

، ایل ڈی اے موضع ہلوکی میں ساڑھے آٹھ ہزار کنال اراضی پر 35ہزار رہائشی اپارٹمنٹ تعمیر کرے گا،وائس چیئر مین ایس ایم عمران

جمعہ 17 جولائی 2020 12:57

ٖ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2020ء) ایل ڈی اے سٹی کے قریب تعمیر کئے جانے والے اپارٹمنٹس کی گرائونڈ بریکنگ وزیراعظم عمران خان سے کروائی جائے گی۔ نیا پاکستان پروگرام کے تحت شہریوں کو باوقار اور معیاری رہائشی سہولیتں مہیا کرنے کے لئے کثیر المنزلہ اپارٹمنٹس کو جدید دور کی ضروریات کے مطابق ڈیزائن اور تعمیر کیا جائے ۔

صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید نے ان خیالات کا اظہار ایل ڈ ی اے آفس جوہر ٹائون میں ایک اجلاس کے دوران کیا۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئر مین ایس ایم عمران نے اس موقع پر بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایل ڈی اے موضع ہلوکی میں ساڑھے آٹھ ہزار کنال اراضی پر 35ہزار رہائشی اپارٹمنٹ تعمیر کرے گا ۔ رنگ روڈ اور ایل ڈی اے سٹی کے قریب ہونے کی وجہ سے یہ بہترین لوکیشن ہے ۔

(جاری ہے)

یہاں پانچ مختلف کیٹیگریوں کے اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے جن کا رقبہ 650مربع فٹ سی2200مربع فٹ تک ہو گا۔یہ اپارٹمنٹ اڑھائی سے تین سال کی مدت میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے تحت ان اپارٹمنٹس کی قیمتیں ایل ڈی اے اور دیگر سرکاری ملازمین اور کم آمدنی والے افراد کی پہنچ میں رکھی جائیں گی۔ ملازمین کو آسان اقساط پر ان کی قیمت ادا کرنے کی سہولت مہیا کرنے کے لئے بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کا تعائون حاصل کیا جائے گا۔

اپارٹمنٹس خریدنے والوں کو وزیر اعظم پیکیج کے تحت 3لاکھ روپے کا ریلیف بھی دیا جائے گا۔ ایس ایم عمران نے بتایا کہ ان اپارٹمنٹس میں سبزہ زار‘ پیدل چلنے والوں کے لئے خصوصی راستے ‘سائیکل ٹریک پلے گرائونڈ ‘سولر پینلز ‘ شاپنگ مالز اور دیگر بنیادی سہولتیں مہیا کی جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف انجینئر کو کنسٹرکشن پلان اورڈائریکٹر فنانس کو فلیٹوں کا فنانشل ماڈل بنانے کا ٹاسک دیاگیا ہے ۔

ڈائریکٹر لینڈ ایکوزیشن کو ایل ڈی اے سٹی کے 200کنال کمرشل ایریا کی فروخت سے آمدن کا تخمینہ لگانے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایل ڈی اے لاہور کے علاوہ شیخوپورہ ‘ننکانہ اور قصور میں بھی وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق فلیٹس تعمیر کرے گا۔ اس اقدام سے کیثر المنزلہ عمارتوں کو فروغ حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ لاہور سے ملحقہ اضلاع کے رہائشی بھی مستفید ہوں گے ۔اجلاس میں ایل ڈ ی اے کی گورننگ باڈ ی کے ممبر انجینئر عامر ریاض قریشی ‘چیف انجینئر ایل ڈی اے حبیب الحق رنداھا ‘ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (اربن پلاننگ )رانا ٹکا خان ‘چیف میٹر وپولیٹن پلاننگ سید ندیم اختر زیدی ‘چیف ٹائون پلانر طارق محمود اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی