شارجہ کے سرکاری دفاتر آج سے 100فیصد ملازمین کے ساتھ کام شروع کریں گے

حکام نے تمام سرکاری ملازمین کو سماجی فاصلے کی پابندی کرتے ہوئے 100فیصد صلاحیت کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کردی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 19 جولائی 2020 13:38

شارجہ کے سرکاری دفاتر آج سے 100فیصد ملازمین کے ساتھ کام شروع کریں گے
شارجہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جولائی 2020ء) شارجہ کے سرکاری دفاتر آج سے 100فیصد ملازمین کے ساتھ کام شروع کریں گے، حکام نے تمام ملازمین کو سماجی فاصلے کی پابندی کرتے ہوئے 100فیصد صلاحیت کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کردی، تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کورونا کے یومیہ کیسزمیں خاصی کمی آگئی ہے۔ وزارت صحت کی آج کی پریس بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے 289 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی گنتی56,711 ہو گئی ہے۔

جبکہ زیر علاج افراد کی گنتی 9ہزار کے لگ بھگ ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے469 مریض صحت یاب ہو گئے۔ اسی طرح اب تک مملکت میں کورونا کے48,917 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ مملکت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کوروناسے ایک فرد کی ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی کُل گنتی 338 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی وجہ سے اب شارجہ کے حکام نے تمام سرکاری ملازمین کو سماجی فاصلے کی پابندی کرتے ہوئے 100فیصد صلاحیت کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

شارجہ ایگزیکٹو کونسل کے ممبر اور شارجہ ہیومن ریسورس ڈائریکٹوریٹ (ایس ایچ آر ڈی) کے چیئرمین ڈاکٹر طارق سلطان بن خادم نے کہا ہے کہ شارجہ حکومت، شارجہ ایگزیکٹو کونسل کی ہدایت اور نظامت کے جاری کردہ سرکلر کی بنیاد پر سو فیصد ملازمین اتوار 19جولائی کو تمام محکمہ جات اور اداروں میں اپنے کام کی جگہوں پر واپس آئیں گے۔ انہوں نے مختلف اداروں میں تمام ملازمین کی زبردست کاوشوں کو سراہا اور ٹیم کے جذبے کی تعریف کی جس نے امارت کو مکمل بحران پر قابو پانے میں مدد فراہم کی۔

شارجہ ہیومن ریسورس ڈائریکٹوریٹ کے چیئرمین نے ملازمین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے حفاظتی قواعد و ضوابط کی تعمیل کرتے ہوئے صحت کی تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ملازمین کے مابین معاشرتی فاصلے کے اصولوں کی تعمیل کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے بتایا ہے کہ یہ فیصلہ شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد ال قاسمی کی دانشمندانہ ہدایت پر کیا گیا ہے۔