جنوبی پنجاب اور بارانی علاقوں کی زرعی ترقی کے لئے 70 کروڑ روپے مختص

اتوار 19 جولائی 2020 15:15

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2020ء) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایگریکلچر سیکٹر اپ لفٹ پروگرام کے تحت حکومت پنجاب نے رواں مالی سال کے بجٹ میں تقریبا پونے 32 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں جن سے کسانوں کو زرعی اجناس کی فی ایکڑ پیداوار میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کے لئے کھادوں اور ترقی دادہ اقسام کے بیجوں پر سبسڈی دی جائے گی جبکہ فارم میکنائزیشن، واٹر کورسز کی لائننگ اور شمسی توانائی سے چلنے والے ڈرپ اور سپرنکلر سسٹم سمیت زرعی ترقی کے دیگر منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں وزیراعظم پاکستان کے زراعت ایمرجنسی پروگرام کے تحت بھی حکومت پنجاب نے زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں ایک ارب اڑسٹھ کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ پنجاب بجٹ 21 ۔ 2020 میں جنوبی پنجاب اور بارانی علاقوں کی ترقی کے لئے 70 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جن کی مدد سے چھوٹے ڈیمز کی تعمیر اور کسانوں کی سہولت کے دیگر منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔