عوامی مشکلات کا فوری ازالہ کریں گے، زرتاج گل

اتوار 19 جولائی 2020 16:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2020ء) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ عوامی مشکلات کا فوری ازالہ کریں گے، تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کر دیا ہے، ڈیرہ غازی خان کو جدید اور ترقی یافتہ شہر بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اپنے حلقہ انتخاب این اے 191 ڈیرہ غازی خان میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

زرتاج گل نے شہر میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف آفسر کارپوریشن افتحار علیانی اور چیئرمین بیت المال محمد حسین خان نیازی دیگر ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر مملکت نے انٹرلنک جدید سٹی ٹرمینل بس سٹینڈ پر جاری تعمراتی عمل کا دورہ بھی کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کے معیار کو بہتر رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

زرتاج گل نے کہا کہ اس میگا پراجیکٹ سے عوام کو بہترین اور جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی اسی طرح انہوں نے پل ڈاٹ پر جاری تزئین و آرائش اور ٹریفک کے بے ہنگم نظام کو بہتر کرنے کے سلسلے میں جاری کاموں کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے مانکہ کینال کی خوبصورت بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا اور سڑیٹ لائٹس لگانے کی ہدایات کیں۔ انہوں نے تھانہ سول لائن تا گھنٹہ گھر روڈ کی تعمیر کے حوالے سے فوری کام مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گھنٹہ گھر تا سول لائن روڈ پر عوام کو آمد و رفت میں شدید دشواری کا سامنا رہتا ہے لہذا اس کی تکمیل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مشکلات کا فوری طور پر ازالہ کریں گے۔