یوم الحاق پاکستان کے سلسلے میںکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں گول میز کانفرنس کا اہتمام کیاگیا

کشمیری عوام نے قرارداد الحاق پاکستان کے ذریعے اپنے مستقبل کا تعین کیا تھا،کشمیریوں نے قرارداد الحاق پاکستان کو منظورکرکے اپنے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کی اور اپنے آپ کو مملکت خداداد پاکستان کے ساتھ وابستہ کیا،مقررین بھات مقبوضہ کشمیر میں ایک سازش کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی ،انسانی حقو ق کی خلاف ورزیاں اور آبادی کا تناسب تبدیل کررہا ہے،عالمی برادری بھارت کو جارحانہ اقدامات سے روکے،حریت رہنمائوں کا خطاب

پیر 20 جولائی 2020 10:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2020ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ نے اتوار کویوم الحاق پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں اپنے دفتر میں ایک گول میز کانفرنس کا اہتمام کیا جس کی صدارت آزادکشمیر کے سابق صدر سردار محمد یعقوب خان نے کی۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آزادجموںوکشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے۔

مقررین نے 19جولائی کو ریاست جموںوکشمیر کا ایک تاریخ ساز دن قراردیتے ہوئے کہاکہ اس دن کشمیری عوام نے قرارداد الحاق پاکستان کے ذریعے اپنے مستقبل کا تعین کیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں نے قرارداد الحاق پاکستان کو منظورکرکے اپنے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کی اور اپنے آپ کو مملکت خداداد پاکستان کے ساتھ وابستہ کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہاکہ کشمیری عوام گزشتہ 73سال سے نہ صرف آزادی کے لیے بلکہ بقائے پاکستان اور تحفظ پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیںاور اس مقصد کے لیے کشمیریوں کی کئی نسلوںنے قربانیاں دی ہیں۔

حریت رہنمائوں نے کہاکہ بھارت نے جموںوکشمیر پر غاصبانہ اور ناجائز قبضہ کررکھا ہے۔ بھارت کے 9لاکھ سے زائد فوجی کشمیریوں کا جذبہ حریت اور پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کی محبت اور وابستگی کو ختم نہیں کرسکے۔ گول میز کانفرنس میں مقبوضہ جموںوکشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے قتل اور پرامن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کو بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قراردیا گیااور قابض فوج کی طرف سے آئے روز انسانی حقوق کی پامالیوں اور جنگ بندی لائن کی مسلسل خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیاگیا۔

حریت رہنمائوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ایک سازش کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی ،انسانی حقو ق کی خلاف ورزیاں اور آبادی کا تناسب تبدیل کررہا ہے۔ انہوںنے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ بھارت کو جارحانہ اقدامات سے روکے۔ کانفرنس میں آزادی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اورقیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے حریت پسند رہنمائوں اور کارکنوں کو سلام پیش کرتے ہوئے تجدید عہد کیاگیا کہ کشمیری تکمیل پاکستان ،شہداء کے مشن اور حصول حق خودارادیت تک اپنی جدوجہد ہر حال میں جاری رکھیں گے۔

آخر پر استحکام پاکستان ، شہدائے پاکستان اور شہدائے کشمیر کے لئے دعا کی گئی۔ کانفرنس میں محمد حسین خطیب، محمد فاروق رحمانی، شیخ عبدالمتین، شمیم شال، عبدالمجید ملک، سید مشتاق، مشتاق احمد بٹ،نذیر کرنائی ، امتیاز اقبال وانی، عبدالمجید میر، ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ، شیخ محمد یعقوب، نثار مرزا، اشتیاق حمید، راجہ خادم حسین، منظور الحق بٹ ، الطاف حسین وانی، سید کفایت حسین رضوی، محمد شفیع ڈار، سید منظور احمد شاہ،زاہد اشرف اور گلشن احمد کے علاوہ سردار عتیق عثمانی، بشیر عثمانی اور رشید کاظمی نے بھی شرکت کی۔