وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معیشت سے متعلقہ مختلف امور کے حوالہ سے قائم تھنک ٹینک کا اجلاس

حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سبسڈیز کی افادیت بڑھانے سے متعلق سفارشات مرتب کرنے کے لئے خصوصی سیل تشکیل دینے کی ہدایت

پیر 20 جولائی 2020 22:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2020ء) وزیراعظم عمران خان نے حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سبسڈیز کی افادیت بڑھانے سے متعلق سفارشات مرتب کرنے کے لئے خصوصی سیل تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سبسڈی کا مقصد غریب اور مستحق افراد کو معاونت اور ریلیف کی فراہمی ہے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سبسڈی کی رقم مکمل طور پرشفاف طریقے سے نہ صرف ضرورت مندوں کو میسر آئے بلکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے مستفید ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں معیشت سے متعلقہ مختلف امور کے حوالہ سے قائم تھنک ٹینک کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزراء حماد اظہر، سینیٹر شبلی فراز، عمرایوب خان، مشیران ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ندیم بابر نے شرکت کی جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے سابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین، سلطان علی الانہ، عارف حبیب اور اعجاز نبی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

معیشت سے متعلقہ تھنک ٹینک کے قیام کا مقصد اہم معاشی ایشوز پر غور کرنا اور ان کے حوالہ سے سفارشات اور مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کرنا ہے۔ وزیرِاعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بجلی، گیس، فرٹیلائزرز، یوٹیلٹی سٹورز، ایکسپورٹس، ہاؤسنگ، احساس، این ایچ اے اور دیگر سرکاری اداروں کے حوالہ سے بجٹ اور بجٹ سے باہر دی جانے والی سبسڈیز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے سبسڈی فراہم کرنے کا مقصد غریب اور مستحق افراد کی معاونت اور ریلیف کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سبسڈی کے پورے نظام کا بغور جائزہ لیا جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سبسڈی کی رقم مکمل طور پرشفاف طریقے سے نہ صرف ضرورت مندوں کو میسر آئے بلکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے مستفید ہوں۔

وزیرِاعظم نے مشیر خزانہ کو ہدایت کی کہ مختلف مد میں حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سبسڈیز کا تفصیلی جائزہ لینے کے لئے ایک خصوصی سیل قائم کیا جائے تاکہ وہ ہر شعبے میں فراہم کی جانے والی سبسڈی کا جائزہ لے کر اس میں مزید بہتری اور اسکی افادیت بڑھانے کے لئے جامع سفارشات پیش کر سکے۔ وزیرِاعظم نے کورونا کی حالیہ صورتحال میں احساس پروگرام کی جانب سے ضرورت مندوں کو کیش ٹرانسفر کے پروگرام کی افادیت، پہنچ اور شفافیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے غریب اور ضرورت مند افراد کو بجلی گیس، یوٹیلٹی سٹورز و دیگر سبسڈیز کی فراہمی کے حوالہ سے احساس کیش پروگرام کے ڈیٹا بیس سے بھی استفادہ کیا جائے۔